شکست پر میڈیا کا سامنا کرنے مجھے بھیج دیتے ہیں، قومی ٹیم کے بولنگ کوچ کا شکوہ

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 2 اکتوبر 2022
انگلینڈ کیخلاف سیریز شاندار رہی،مختلف کمبی نیشن آزمانے کا موقع ملا،بولنگ کوچ۔ فوٹو : پی سی بی ٹویٹر

انگلینڈ کیخلاف سیریز شاندار رہی،مختلف کمبی نیشن آزمانے کا موقع ملا،بولنگ کوچ۔ فوٹو : پی سی بی ٹویٹر

لاہور: بولنگ کوچ شان ٹیٹ پی سی بی کی ’’حکمت عملی‘‘ کا شکوہ زبان پر لے آئے۔

جمعہ کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں انگلش ٹیم نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹ سے شکست دی، فل سالٹ نے 88 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، میزبان بولرز بے بسی کی تصویر بنے رہے۔

میچ کے بعد شان ٹیٹ میڈیا کانفرنس کیلیے آئے تو انھوں نے کہا کہ جب بھی ہم بْری طرح ہاریں تو یہ مجھے بھیجتے ہیں، ان کا یہ جملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور اس پر طرح طرح کی مزیدار میمز بھی بنائی جا رہی ہیں۔

اختتامی اوورز میں پٹائی سمیت بولرز کی کارکردگی کے سوال پر قومی ٹیم کے بولنگ کوچ نے کہا کہ کیا پاکستان نے اختتامی اوورز میں اچھی بولنگ سے 145رنز کے ہدف کا دفاع نہیں کیا،آپ کو یاد نہیں کیا۔

جواب میں رپورٹر نے کہا کہ عامر جمال کے ایک اوور کے سوا کیا بولرز کی کارکردگی خراب نہیں تھی، جواب میں شان ٹیٹ نے کہا کہ کیا اتنا کافی نہیں کہ اس اوور کی وجہ سے ہم میچ جیت گئے،ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اتار چڑھائو آتا رہتا ہے۔

میڈیا کانفرنس میں شان ٹیٹ کے مختصر اور جان چھڑانے والے جوابات سے بھی ظاہر ہورہا تھا کہ وہ شاید آنا نہیں چاہتے تھے۔

ایک سوال پر بولنگ کوچ نے کہا کہ چھٹے میچ میں انگلش بیٹرز نے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے اٹیک کیا، بائونڈریز لگتی رہیں، بولرز کچھ غلط نہیں کررہے تھے، بیٹنگ بہت عمدہ تھی۔

انھوں نے کہا کہ انگلینڈ کے ساتھ سیریز شاندار رہی اور ہمیں مختلف کمبی نیشن آزمانے کا موقع ملا، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف اہم پیسرز ہیں مگر پاکستان کے تمام بولرز بہترین اور کم بیک کی صلاحیت رکھتے ہیں، کوشش کریں گے کہ آخری میچ میں اچھی بولنگ ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔