کراچی میں بڑھتے اسٹریٹ کرائم کیخلاف عالمگیر خان کی سینٹرل پولیس آفس تک ریلی

اسٹاف رپورٹر  اتوار 2 اکتوبر 2022
فوٹو : عالمگیر خان/ٹویٹر

فوٹو : عالمگیر خان/ٹویٹر

 کراچی: فکس اِٹ کے بانی اور پی ٹی آئی کے رہنما عالمگیر خان نے کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کے خلاف ٹاور سے سینٹرل پولیس آفس تک ریلی نکالی اور نعرے لگائے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پولیس کو سیاست سے الگ کرو، شہر میں مسلسل اسٹریٹ کرائم بڑھ رہا ہے اور پولیس سیاست دانوں کی انگلیوں پر ناچ رہی ہے، 50 روپے کی گولی میں ملزمان کسی بھی شہری کی جان لے لیتے ہے، متاثرین تھانوں کے چکر لگا لگا کر تھک جاتے ہیں لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوتی۔

عالمگیر خان نے مزید کہا کہ لوگ اپنے گھر کی دہلیز پر بھی محفوظ نہیں ہیں، جیسے ہی گھر کے دروازے پر پہنچتے ہیں تعاقب میں آنے والے ملزمان دن دھاڑے شہری کو لوٹ کر فرار ہوجاتے ہیں، کتنے ہی شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے معذور بھی ہوگئے ہیں اور اب ان کا ذریعہ معاش کیا ہوگا جو گھر کا واحد کفیل ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پولیس افسران اپنے دفتروں میں ٹھنڈی مشین میں بیٹھ کر عیاشی کرتے ہیں اور شام ہوتے ہی اپنے اپنے گھروں کو چلے جاتے ہیں۔

اس موقع پر سینٹرل پولیس آفس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات اور اور تینوں گیٹ بند کر دیے گئے تھے۔

ایک خاتوں کا کہنا تھا کہ اب تو ملزمان نوجوان لڑکیوں کو بھی اغوا کرکے لے جاتے ہیں اور ہمارے بچے صبح نکلتے ہیں جبکہ معلوم نہیں ہوتا کہ شام کو گھر آئے یا نہیں، ہر وقت دھڑکا لگا رہتا ہے، ملزمان کو پکڑنے کے لیے پولیس کی تمام تر حکمت عملی ناکام نظر آتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔