تحریک انصاف کا 12 ربیع الاول کے فوری بعد آزادی مارچ کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  پير 3 اکتوبر 2022
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 پشاور: تحریک انصاف نے وفاقی حکومت کے خلاف 12 ربیع الاول کے فوری بعد آزادی مارچ کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی طرف سے کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تیار رہیں 12 ربیع الاول کے بعد وہ آزادی مارچ شروع کرنے جارہے ہیں۔

تحریک انصاف خیبرپختونخوا اور پنجاب کے ڈسٹرکٹ صدور اور سیکرٹریز کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر پرویزخٹک ، پنجاب کی صدر یاسمین راشد اور شاہ محمود قریشی نے شرکت کی۔

پی ٹی آئی  زرائع نے اجلاس کےمتعلق بتایا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے دونوں صوبوں کے عہدیداروں کوتیار رہنے کی ہدایت کی ہے ، کارکنوں کو تیار کریں 12 ربیع الاول کے فوری بعد آزادی مارچ کی کال دینے والے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ  اس بار تیاری کے ساتھ آزادی مارچ کرنا ہے، آزادی مارچ کے لیے کس تیاری کے ساتھ جانا ہے مارچ کے اعلان سے قبل ہدایات جاری کی جائیں گی۔

بعد ازاں ضلعی صدور سم یت دیگر پارٹی عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کو جہاد سمجھ کر اس میں اپنا حصہ ڈالیں، لانگ مارچ میں عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنائیں یا مجھے فوری جواب دیں۔

ان کاکہنا تھا کہ حقیقی آزادی اب نہیں تو پھر کبھی نہیں ہوگی،بتائیں آپ کا لانگ مارچ میں شرکت کے حوالے سے کیا پلان ہے، کیا تیاری ہے؟

انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑے جلسے ضرور کئے ہیں مگر اب نچلی سطح کی قیادت تک کو محنت کرنا ہے،9 اکتوبر کو 12 ربیع الاول کو زبردست، منفرد اور شایان شان طریقے سے منائیں۔

عمران خان نے ہدایت کی کہ 16 اکتوبر کو 9 قومی اسمبلی اور 3 پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر بھرپور محنت کریں،پنجاب کی تینوں نشستوں سے پی ٹی آئی کی حقیقی آزادی اور پنجاب حکومت بچانے کے لیے کامیابی ضروریہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی قیادت لانگ مارچ سے قبل اپنی تمام توجہ صوبائی ضمنی انتخابات پر مرکوز کرے،جب کال دوں تو زبردست انداز میں انٹری دیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔