کراچی: چینی ڈینٹل کلینک پر حملہ پاک چین تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار

کورٹ رپورٹر  منگل 4 اکتوبر 2022
دہشت گرد حملے کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے کر مذموم مقاصد کے حصول اور اپنی تنظیم کی تشہیر کی گئی، رپورٹ (فائل فوٹو)

دہشت گرد حملے کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے کر مذموم مقاصد کے حصول اور اپنی تنظیم کی تشہیر کی گئی، رپورٹ (فائل فوٹو)

 کراچی: انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں تفتیشی افسر نے صدر میں ڈینٹل کلینک پر چینی نژاد پاکستانیوں پر حملے کے مقدمے میں ابتدائی تفتیشی رپورٹ جمع کراتے ہوئے حملے کو پاک چین تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار دے دیا۔

کراچی میں انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں صدر میں ڈینٹل کلینک پر چینی نژاد پاکستانیوں پر حملے سے متعلق پولیس نے ابتدائی تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔ پولیس نے حملے کو پاک چین تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار دے دیا۔

ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر کے علاقے میں ڈینٹل کلینک پر چینی نژاد پاکستانیوں پر 29 ستمبر کو حملہ کیا گیا۔ کالعدم سندھو دیش پیپلز آرمی کے دہشت گردوں نے حملہ کیا جس میں چینی ڈاکٹر رچرڈ ہونو پاؤان کی اہلیہ فن ٹین زخمی ہوئے جب کہ حملے میں کلینک کا کیشیر رونلڈ پاؤ ہلاک ہوا۔

یہ پڑھیں : کراچی میں ڈینٹل کلینک میں فائرنگ سے چینی ڈاکٹر ہلاک، وزیرداخلہ کا نوٹسں

ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں کہا گیا کہ دہشت گرد تنظیم نے پاک چین تعلقات خراب کرنے کے لیے چینی نژاد پاکستانیوں پر حملہ کیا۔ دہشت گرد تنظیم پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کو ختم کرانا چاہتی ہے، دہشت گرد حملے کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے کر مذموم مقاصد کے حصول اور اپنی تنظیم کی تشہیر کی گئی، حملے کی ایف آئی آر دونامعلوم ملزمان کے خلاف درج کی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک ملزم گاہک بن کر کلینک میں آیا جس نے حملہ کیا اور دوسرا باہر موجود تھا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔