افغان طالبان نے 2 امریکی قیدیوں کو رہا کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 21 دسمبر 2022
رہائی کے بعد دونوں امریکی قطر پہنچ گئے ہیں

رہائی کے بعد دونوں امریکی قطر پہنچ گئے ہیں

کابل: افغانستان میں طالبان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت اپنی قید میں موجود 2 امریکی شہریوں کو رہا کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکومت نے اپنے شہریوں کی رہائی کی تصدیق کردی ہے۔ رہائی کے بعد دونوں امریکی قطر پہنچ گئے ہیں تاہم ان دونوں کی شناخت نہیں ظاہر کی گئی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کی جانب سے جذبہ خیرسگالی کے طور پر ہمارے شہریوں کی رہائی عمل میں آئی ہے، اس حوالے سے نہ تو کوئی قیدیوں کا تبادلہ ہوا ہے اور نہ ہی کوئی تاوان ادا کیا گیا ہے۔

نیڈ پرائس نے کہا کہ رہا ہونے والے شہریوں کو مناسب مدد فراہم کررہے ہیں تاکہ وہ جلد وطن لوٹ کر اپنے پیاروں سے مل سکیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت طالبان کے سامنے مسلسل اپنے قیدیوں کی رہائی کا معاملہ اٹھاتی رہتی ہے تاہم نیڈ پرائس نے یہ نہیں بتایا کہ اب بھی کتنے اور کون سے امریکی شہری طالبان کی قید میں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔