کراچی پولیس اور رینجرزسے مقابلوں میں 2 ڈکیت ہلاک 4ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی گارڈ کوفائرنگ کرکے قتل کرنے والا ڈکیت موقع پرہلاک ہوگیا،ترجمان رینجرز


Staff Reporter December 26, 2022
فوٹو؛ فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی مختلف کارروائیوں کے دوران 2 ڈکیت ہلاک جبکہ 4 کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا۔

سپرہائی وے فقیرہ گوٹھ کے قریب رینجرز اورپولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دوروز قبل نجی اسپتال کے سیکیورٹی گارڈ کوفائرنگ کرکے قتل کرنے والا ڈکیت موقع پرہلاک ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا۔

ملزمان کی فائرنگ سے20 سالہ راہ گیر سلطان ولد جعمہ خان بھی زخمی ہوا جسے فوری عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ۔

ملزمان کے قبضے سے پسٹل ، 30راؤنڈ اورایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی، زرائع کے مطابق ملزم بلال سہراب گوٹھ سے نادرن بائی پاس کے علاقوں میں ڈکیتی ،اسٹریٹ کرائم اوردیگرسنگین جرائم میں ملوث تھا۔

مزید پڑھیں:شہر میں کرائم کی صورتحال کنٹرول میں ہے، کراچی پولیس چیف

ترجمان کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کےحوالے کردیا گیا ہے ،رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرزچیک پوسٹ،رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرزمددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایس کے ذریعے دیں، آپ کا نام صیغہ رازمیں رکھا جائے گا۔

ایک ڈاکو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار

رینجرز اور پولیس نے منگھوپیر روڈ سے اسنیپ چیکنگ کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد قتل اور ڈکیتی کی واردات میں ملوث ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا،چیکنگ کے دوران مشتبہ موٹرسائیکل سوار دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ دیا جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم فیصل خان عرف منیجر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ملزم کا دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ، ملزمان سہراب گوٹھ میں مٹھائی کی دوکان پر ڈکیتی کی واردات میں ملوث رہے ہیں ، گرفتار ملزم کا ایک ساتھی ارباز کچھ عرصہ قبل واردات کے دوران سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ہلاک ہوا تھا۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ملزمان کو ڈکیتی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا ، گرفتار ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ LPG کی دکان مالک سے 10لاکھ روپے چھیننے کی واردات بھی کی تھی ، گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھا پے مارے جارہے ہیں ، گرفتار ملزم کو مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

تین ڈاکو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار، تین فرار

عوامی کالونی ، زمان ٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ، گرفتار ملزمان کے 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

عوامی کالونی پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب جلیبی چوک کورنگی نمبر6 میں مبینہ مقابلے میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا ، ہلاک ہونے والے ملزم کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی ، ہلاک ہونے والے ملزم کا ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ہلاک ہونے والے ملزم سے ایک ٹی ٹی پستول بمعہ ایمونیشن ، دو چھینے گئے موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی ، ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت کے بعد اس کے فرار ہونے والے ساتھی کے بارے میں تفتیش کے بعد اسے بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔

زمان ٹاؤن پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب نورانی بستی قبرستان کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

مزید پڑھیں:کراچی؛ کار سوار ملزمان کی فائرنگ، ڈرائی فروٹ کا تاجر جاں بحق

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت سمیر ولد حق نواز کے نام سے کی گئی ، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کے دو ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی شناخت واجد اور ہارون کے نام سے ہوئی،گرفتار ملزم سے ایک ٹی ٹی پستول بمعہ ایمونیشن ، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی، گرفتار و فرار ہونے والے ملزمان کورنگی کوسٹ گارڈ روڈ سے ناصر جمپ تک اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کرتے تھے ، گرفتار ملزم سے علاج و معالجے کے بعد تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔

اورنگی ٹاؤن پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب قبرستان ایم پی آر کالونی سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 23 سالہ محمد فیصل ولد محمد بشیر کے نام سے کی گئی ، گرفتار ملزم کا ایک ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، زخمی حالت میں گرفتار ملزم سے ایک ٹی ٹی پستول بمعہ ایمونیشن، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں