اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلیے پولنگ شروع نہ ہوسکی

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 دسمبر 2022
پولنگ کا آغاز 8 بجے ہونا تھا تاہم عملہ پولنگ اسٹیشنز نہیں پہنچا

پولنگ کا آغاز 8 بجے ہونا تھا تاہم عملہ پولنگ اسٹیشنز نہیں پہنچا

اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ شروع نہیں ہوسکی۔

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 8 بجے شروع ہونا تھی تاہم الیکشن کمیشن کا عملہ متعلقہ پولنگ اسٹیشنز نہیں پہنچ سکا۔

مزید پڑھیں: حکومت کی سیکیورٹی فراہمی سے معذرت، اسلام آباد میں آج بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ناممکن ہے، ذرائع

سیدپور گاؤں یونین کونسل 1 میں ووٹرز پولنگ کے لیے پہنچ گئے۔ پولنگ اسٹیشن کے گیٹ بند ہونے اور عملہ نہ ہونے پر ووٹرز بطور احتجاج قطاروں میں کھڑے ہوگئے۔یونین کونسل 37 میں بھی ووٹرز کی طرف سے ووٹنگ نہ کرانے پر شدید احتجاج کیا گیا۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں آج بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔ وفاقی حکومت نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے لیے فوری سیکیورٹی کے انتظامات سے معذرت کی تھی  جبکہ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بھی 31 دسمبر کو الیکشن کا انعقاد ناممکن قرار دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔