کراچی میں تین بچوں کے باپ کی گھر کے قریب سے گلا کٹی لاش برآمد

مقتول ٹریکٹر چلانے کا کام کرتا تھا، بھینس کالونی یوسف عرفانی گوٹھ کا رہائشی تھا جس کا آبائی تعلق بدین سے ہے


Staff Reporter January 01, 2023
(فوٹو: فائل)

شاہ لطیف ٹاؤن میں تین بچوں کے باپ کی گھر کے قریب سے گلا کٹی لاش ملی، مقتول ہفتے کی شب گھر سے نکلا تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے سیکٹر17/A پاکستان کمپیوٹر یونیورسٹی کے قریب جھاڑیوں سے ایک شخص کی گلا کٹی لاش ملی جسے پولیس نے تھانے منتقل کیا۔

ذرائع کے مطابق مقتول کی جیب سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جاسکے تاہم جیب سے ایک شخص کے متعدد وزٹنگ کارڈ ملنے پر پولیس نے اس شخص سے موبائل فون پر رابطہ کیا جس پر وہ شخص فوری طور پر شاہ لطیف تھانے پہنچ گیا اور مقتول کو 25 سالہ آصف علی ولد محمد سلیم کے نام سے شناخت کرلیا۔

مقتول ٹریکٹر چلانے کا کام کرتا تھا جبکہ وہ شاہ لطیف ٹاؤن بھینس کالونی یوسف عرفانی گوٹھ کا رہائشی تھا ، پولیس کی جانب سے اطلاع ملنے پر مقتول کے چچا سسر یاسین اور بھائی عاقب علی بھی موقع پر پہنچ گئے۔

عاقب نے بتایا کہ آصف علی تین بچوں کا باپ تھا، آبائی تعلق ضلع بدین سے تھا، ہفتے کی شب تقریباً 11 آصف اپنی اہلیہ کو گٹکا لینے جانے کا بول کر گھر سے نکلا تھا، صبح 5 بجے تک اس کی اہلیہ انتظار کرتی رہی جب وہ نہیں آیا تو گھر کے قریب رہائش پذیر اپنے چچا یاسین کے گھر گئی جہاں بتایا کہ اس کا شوہر پوری رات ہوگئی گھر نہیں آیا ابھی وہ لوگ باتیں کر رہے تھے کہ شاہ لطیف تھانے سے فون آگیا اس کے بعد وہ لوگ تھانے آگئے۔

عاقب کا کہنا تھا کہ ان کی کسی سے دشمنی نہیں تھی کسی پر شبہ نہیں ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کا موبائل فون تحویل میں لے لیا گیا، تحقیقات کی جا رہی ہیں بہت جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں