کسی بھی ہوائی اڈے کی فروخت و نجکاری نہیں ہورہی، سول ایوی ایشن

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 5 جنوری 2023
قومی اہمیت کے اس اقدام میں تمام مروجہ قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھا جائیگا۔ فوٹو: فائل

قومی اہمیت کے اس اقدام میں تمام مروجہ قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھا جائیگا۔ فوٹو: فائل

کراچی: ترجمان سی اے اے کے مطابق پاکستان کے کسی بھی ہوائی اڈے کی فروخت و نجکاری نہیں کی جارہی ہے جب کہ تمام باتیں حقائق کے برعکس ہیں۔

سی اے اے کی جانب سے کسی بھی ملکی ائیرپورٹ کی فروخت یا پھرنجکاری نہیں کی جارہی ہے، حکومت ملک کے ایئرپورٹس کا معیارعالمی سطح پر لا کر اس کا فائدہ عوام کو پہنچانا چاہتی ہے، آؤٹ سورسنگ کا مقصد مسافروں کو ملکی ائرپورٹس پر اعلی معیار کی بین الاقوامی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

ترجمان کے مطابق آئوٹ سورسنگ کا عمل مسابقت کی بنیاد پر ہوگا جس میں سب سے بہتربولی لگانے والے کو کامیاب قرار دیا جاتا ہے، آوٹ سورسنگ کیلیے دنیا میں رائج مختلف طریقہ کار میں سے سب سے موزوں اور قابل عمل طریقہ کار کو میرٹ پر منتخب کیا جائے گا، یہ کہنا کہ ائرپورٹس دوسرے ممالک کو دیے جارہے ہیں درست نہ ہوگا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دنیا کے بیشتر بین الاقوامی ائرپورٹس کا نظم و نسق اوٹ سورسنگ کے طریقہ کار سے ہی عمل میں لایا جاتا ہے، قومی اہمیت کے اس اقدام میں تمام مروجہ قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔