بلوچستان میں احساس محرومی کا لاوا پھٹنے کو ہے،  عوام کو حق دیا جائے، سراج الحق

ویب ڈیسک  جمعرات 5 جنوری 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں احساس محرومی کا لاوا پھٹنے کو ہے، عوام کو ان کا حق دیا جائے۔

منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ گوادر کے لوگوں کو دیوار سے لگانے کے بجائے گلے سے لگایا جائے۔حکمرانوں میں کوئی ایسا نہیں جو خود کو احتساب کے لیے پیش کرے۔ صرف جماعت اسلامی ہی اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا خزانہ خالی لیکن ایک دوسرے کی رسوائی کے لیے بہت مواد ہے۔ ملک کو بچانا ہے تو کشکول مشن اور رسوائی مشن چھوڑنا ہو گا۔ دنیا چاند اور مریخ پر جانے کی تیاریاں کرتی رہی اور ہم صرف قوم کو بے وقوف بناتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ ملک میں خوشحالی کے لیے اب حل صرف جماعت اسلامی ہے۔ قرآن و سنت کا قانون آئے گا تو امن اور ترقی آئے گی۔ ملک اقتصادی بدحالی اور بےامنی کی لپیٹ میں ہے۔ صورت حال اسی طرح تشویشناک رہی تو خدانخواستہ کوئی بڑا سانحہ ہو سکتا ہے۔ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت بڑی طاقتوں کو کھٹکتی ہے، جو ملک میں سری لنکا اور یوکرائن جیسی صورت حال پیدا کرنا چاہتی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملک کو معاشی، سیاسی اور سماجی بحران سے دوچار کیا۔ عوام مہنگائی سے بلبلا رہے ہیں جب کہ  حکمرانوں کو اپنی عیاشیوں سے فرصت نہیں۔ دس بڑوں کا احتساب ہو جائے تو سب جیلوں میں جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔