عدالت کا کبریٰ خان کیخلاف سوشل میڈیا پر وائرل مواد بلاک کرنے کا حکم

کورٹ رپورٹر  جمعـء 6 جنوری 2023
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

کراچی: عدالت نے کبریٰ خان کی درخواست پر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے تضحیک آمیز بیانات ویڈیوز اور تصاویر کے حوالے سے عادل فاروق راجہ اور دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو مواد بلاک کرکے جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں پاکستان کی معروف اداکارہ کبریٰ خان  کی جانب سے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں اور یوٹیوبر عادل فاروق و دیگر کے خلاف جمع کروائی گئی درخواست پر سماعت ہوئی۔

اداکارہ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ عادل فاروق راجہ نے مجھ سمیت 4 اداکاراؤں کیخلاف پروپیگنڈا کیا۔ بے بنیاد پروپیگنڈے سے ہماری شہرت کو نقصان پہنچا۔ ہم نے فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری میں محنت سے نام کمایا ہے۔

عدالت نے عادل فاروق راجہ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، عدالت نے کبریٰ خان سمیت چاروں اداکاراؤں کیخلاف سوشل میڈیا پر مواد بلاک کرنے کا حکم دیتے ہوئے فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو مواد بلاک کرکے جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا جبکہ سماعت 9 جنوری تک ملتوی کر دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔