وفاقی وزارت تعلیم کراچی میں پبلک ریسورس سینٹر قائم کرے گی، اجلاس میں فیصلہ

صفدر رضوی  جمعرات 12 جنوری 2023
فوٹو : سوشل میڈیا

فوٹو : سوشل میڈیا

کراچی: وفاقی وزارت تعلیم نے کراچی میں پبلک ریسورس سینٹر کے قیام کا فیصلہ کیا ہے یہ ریسورس سینٹر نیشنل بک فاؤنڈیشن اور لیاقت نیشنل لائبریری کے مابین موجود وفاقی حکومت کی 1 ایکڑ رقبے پر محیط اراضی پر قائم کیا جائے گا جس میں کراچی میں اعلی و بنیادی تعلیم سے متعلق کام کرنے والے وفاقی محکموں اور اس سے وابستہ طلبہ و اساتذہ کو آئی ٹی سروسز فراہم کی جائیں گی۔

اس بات کا فیصلہ وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا اجلاس کے بعد آئی بی سی سی کے سیکریٹری ڈاکٹر غلام علی ملاح نے “ایکسپریس” کو بتایا کہ وفاقی وزیر برائے تعلیم رانا تنویر حسین نے اعلی تعلیمی کمیشن پاکستان کو اس حوالے سے منصوبے کا ورکنگ پیپر جلد تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اس حوالے جمعرات کو نیشنل بک فاؤنڈیشن کراچی میں منعقدہ اجلاس میں سیکریٹری آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح، سیکریٹری، چیئرمین فیڈرل ایجوکیشن بورڈ قیصر عالم، اور منیجنگ ڈائریکٹر،نیشنل بک فاؤنڈیشن اسلام آباد ڈاکٹر راجہ مظہر حمید ایچ ای سی کے ریجنل ڈائریکٹر جاوید میمن و دیگر بھی موجود تھے دورانِ اجلاس تجاویز پیش کی گئی کہ ایک ہی چھت کے نیچے تعلیمی تکنیکی سہولت فراہم کی جائیں جس میں ریسورس سینٹر کے تحت کام کرنے والے تمام وفاقی اداروں کو ایک جگہ پر ویڈیو کانفرنسنگ اور دیگر آئی ٹی خدمات فراہم ہوں جس میں جدید ترین آئی ٹی انفراسٹرکچر کے لیے اعلیٰ معیار کے کمپیوٹنگ کی سہولیات شامل ہو جہاں اسکولوں، کالجوں اور جامعات کے اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے سیکھنے کی مختلف مہارتوں تک رسائی حاصل کی جا سکے فکشن، نان فکشن، اپلائیڈ اور نیچرل سائنسز سے متعلق کتابوں تک رسائی عوام کے لیے دستیاب کرائی جائے۔

سیکریٹری آئی بی سی سی کے مطابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی جانب سے مزکورہ تجاویز پر رضامندی ظاہر کی گئی اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے ان تجویز کے لیے قطعی اراضی کی فراہمی سے متعلق رضامندی ظاہر کی وفاقی وزیر نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایت کی کہ تجویز پر عملدرآمد کے لیے فوری طور پر عملدرآمد کا پلان پیش کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔