منگل کو بھی ڈالر کی پرواز جاری رہی

ویب ڈیسک  منگل 17 جنوری 2023
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

  کراچی: آئی ایم ایف قرض پروگرام کی بحالی مؤخر ہونے کے باعث منگل کو بھی ڈالر کی پرواز جاری رہی

منفی معاشی اشاریوں اور حکومت کی جانب سے غیرمقبول معاشی فیصلوں میں تاخیر سے آئی ایم ایف قرض پروگرام کی بحالی موخر ہونے جیسے عوامل کے باعث منگل کو بھی ڈالر کی پیشقدمی جاری رہی۔

ترسیلات زر میں کمی اور 4.3 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر ملکی ضروریات کے لیے ناکافی ہونے، معیشت کو درپیش چیلنجز یومیہ بنیادوں پر بڑھنے کی وجہ سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 46 پیسے کے اضافے سے 228.80 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن اختتامی لمحات میں ڈیمانڈ گھٹنے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 31 پیسے کے اضافے سے 228.65روپے کی سطح پر بند ہوئے۔

اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 238.75 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔