پی ایس ایل کی وجہ سے پاکستانی فلم ’سپر پنجابی‘ کی نمائش روک دی گئی

میاں اصغر سلیمی  ہفتہ 18 فروری 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان سپر لیگ کے میچوں کی وجہ سے پاکستانی فلم ’سپر پنجابی‘ کی نمائش روک دی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الحمرا آرٹ کونسل میں فلمساز صفدر ملک، سہیل ملک، ممتاز احمد کے ساتھ میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے نامور مزاحیہ اداکار افتخار ٹھاکر نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز لاہور میں شروع ہونے والے ہیں، ملکی حالات کو بھی دیکھتے ہوئے ہم نے ’سپر پنجابی‘ فلم کو مارچ میں سینما گھروں کی زینت نہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور نئی تاریخ کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن فلمسازوں نے عید پر فلموں کی نمائش کا اعلان کیا ہے ہم ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عید پر اپنی فلم ریلیز نہیں کریں گے تاکہ ہر فلم کو بزنس کا بھرپور موقع مل سکے۔

افتخار ٹھاکر نے بتایا کہ اگلے پراجیکٹ میں بھارت سمیت دیگر غیر ملکی فنکار بھی شامل ہوں گے اور ’سپر پنجابی‘ کے ذریعے ہم نے پولیو قطرے پلانے کا پیغام بھی دیا ہے۔

اس موقع پر فلمساز صفدر ملک کی اگلی فلم ’جنے لاہور نئی ویکھیا‘ کا بھی اعلان کیا گیا۔

فلم ’سپر پنجابی‘ کی کاسٹ میں  محسن عباس حیدر ،صائمہ بلوچ، قیصر پیا،افتخار ٹھاکر،سلیم البیلا،سہیل سمیر اور دیگر فنکار شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔