کراچی بیکری آئٹم کی سپلائی پر مامور نوجوان ڈکیتی مزاحمت پر قتل

مقتول شاہ نواز چھ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا اور ایک بیٹی کا باپ تھا، ورثا


Staff Reporter April 09, 2023
فوٹو : ایکسپریس نیوز

شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، میمن گوٹھ میں بیکری آئٹم کی سپلائی پر مامور نوجوان کو ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ تھانے کےعلاقے سومار کنڈیانی گوٹھ فلک ناز ریجنسی کے قریب فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانون کی کارروائی کے لیے ایدھی ایمبولنس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

مقتول نوجوان کی شناخت 30سالہ شاہنواز ولد حضور بخش کے نام سے کی گئی۔ مقتول نوجوان کا آبائی تعلق لاڑکانہ رتو ڈیرو سے تھا جبکہ مقتول نوجوان کراچی میں معروف بیکری میں ملازمت کرتا تھا اور وہیں رہائش پذیر بھی تھا۔

میمن گھوٹھ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے، مقتول نوجوان بیکری آئٹم کی سپلائی پر مامور تھا۔ مقتول نوجوان ڈرائیور کے ہمراہ سوزوکی میں سوار ہو کر میمن گوٹھ سپلائی کے لیے آیا ہوا تھا جہاں نامعلوم مسلح ڈکیتوں نے لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ مسلح ڈکیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب جناح اسپتال میں مقتول نوجوان کے ورثا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول شاہ نواز بیکری کا ملازم تھا، واقعے کے وقت ڈرائیو کے ہمراہ سوزوکی میں جا رہا تھا کہ مسلح ڈکیتوں نے روکا تو ڈرائیور نے انھیں ٹکر مار دی جس سے ایک ملزم گر گیا، گرنے کے بعد ملزم نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے شاہ نواز سینے میں گولی لگنے سے دم توڑ گیا۔

ورثا نے بتایا کہ مقتول شاہ نواز چھ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا اور ایک بیٹی کا باپ تھا، مقتول نوجوان کی لاش قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد آبائی علاقے روانہ کر دی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں