راولپنڈی تاجروں سے بھتہ طلب کرنے والے گروہ کے دوارکان گرفتار

فاسٹ فوڈ سینٹر کے مالک سے نعمت اللہ گروپ نے بھتہ طلب کیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے 2 ارکان کو گرفتار کرلیا


Staff Reporter September 04, 2023
فوٹو: فائل

راولپنڈی میں تاجروں کو دھمکیاں دے کر پرچیوں کے ذریعے بھتہ طلب کرنے والے گروہ کا انکشاف ، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ ایئرپورٹ میں فاسٹ فوڈ کے مالک محمد ارشد نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ شاہ خالد کالونی میں ان کی فاسٹ فوڈ کی دکان پر عمر نامی لڑکا نامعلوم پٹھان کے ساتھ آیا اور ایک پرچی دے کر کہا کہ اس پر درج نمبر پرگروپ لیڈر نعمت الله خان سے رابطہ کرو ورنہ تیاری پکڑواور دھمکیاں دے کر چلے گئے۔

پرچی کھولی تو اس پر ' ایڈوانس منتھلی 4 لاکھ اور ماہانہ منتھلی 2 لاکھ روپے ورنہ موت ' کے الفاظ درج تھے اور پنسل سے پستول کی گولی بنی ہوئی تھی جبکہ نیچے نعمت اللہ کا نام اور اس کا فون نمبر درج تھا۔

محمد ارشد کے مطابق فون نمبر پر کال کی تو بولنے والے نے کہا کہ نعمت اللہ بول رہا ہوں عمر نے جو پرچی دی ہے اس کے مطابق ایڈونس منتھلی چار لاکھ اور ماہانہ منتھلی دو لاکھ دو گئے بصورت دیگر تمہیں اور تمھارے بچوں کو زندہ نہیں چھوڑوں گا۔

فاسٹ فوڈ کے مالک کا کہنا تھا کہ نعمت الله کا پورا گروپ ہے جو پہلے بھی فائرنگ کرکے کئی لوگوں کو نقصان پہنچا چکا ہے اور پرامن و شریف لوگ ان کی چیرہ دستیوں سے سخت خوف زدہ و پریشان ہیں۔

محمد ارشد کا کہنا تھا کہ نعمت اللہ، عمر، ادیب اور ہارون گل اور چھ نامعلوم افراد کئی لوگوں کو لوٹ چکے ہیں اور مسلسل لوگوں کو بھتے کے لیے تنگ کرتے ہیں، نعمت الله نے مجھے بھی بھتے کی پرچی بھیجی جس پر سخت پریشان ہوں۔

پولیس نے فاسٹ فوڈ سینٹر کے مالک محمد ارشد کی درخواست پر مقدمہ درج کیا اور ملزمان کی تلاش میں مصروف تھی کہ محمد ارشد نے پولیس کو اطلاع دی کہ اسی بھتہ مافیا کے افراد بھتہ لینے آئے ہوئے ہیں جس پر پولیس ٹیم نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو انھوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔

خوش قسمتی سے پولیس ٹیم ملزمان کی فائرنگ سے محفوظ رہی اور فرار ہوتے دو ملزمان نعمت اللہ خان اور ہارون گل کو گرفتار کرلیا جبکہ عمر، ادیب سمیت چھ ملزمان فرار ہو جانے میں کامیاب ہوگئے، گرفتار دونوں ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان اقدام قتل اور ناجائزاسلحہ رکھنے جیسے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں، سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے بہادری کا مظاہرہ کرکے بھتہ مافیا کے دو سرگرم اراکین کو گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کا کہنا تھاکہ شہریوں پر تشدد یا ان کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں،اسلحے کی نوک پر شہریوں کا استحصال کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں