فرار ہونیوالے ڈاکو نے پکڑے جانے کے خوف سے سمندر میں چھلانگ لگادی
ڈکیت شہری سے موبائل چھین کر فرار ہورہے تھے، شہریوں نے پکڑنے کی کوشش کی، پولیس بھی موقع پر پہنچی تو ڈکیت نے چھلانگ لادی
شہری سے موبائل فون چھین کر فرار ہونے والے ڈاکو نے پکڑے جانے کے خوف سے سمندر میں چھلانگ لگادی اور ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔
فشری کالا پانی کے قریب شہری سے موبائل فون چھین کر فرار ہونےوالوں 2 مبینہ ڈکیتوں میں سے ایک نےپکڑے جانے کے ڈرسےسمندرمیں چھلانگ لگا دی اور ڈوب کر ہلاک ہوگیا جب کہ دوسرے کو پولیس نے گرفتارکرلیا۔
ڈاکس تھانے کے علاقے فشری گیٹ نمبر5کالا پانی کے قریب پیش آنے والے واقعے کے بعد سمندر میں ڈوبنے والے ڈکیت کو ریسکیوکرکے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرنے اس کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی جب کہ دوسرے ڈکیت کو پولیس نے گرفتارکرلیا۔
پولیس کے مطابق 2 ڈکیت شہری نورحسین سے اس کا موبائل فون چھین کرفرار ہونے لگے تو موقع پرموجود شہری ڈکیتوں کو پکڑنے کے لیے ان کے پیچھے دوڑے۔ اس دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ اس دوران ایک ڈکیت کے قبضے سے شہری سے چھینا ہوا موبائل فون برآمد کرلیا گیا جب کہ دوسرے نے پکڑے جانے کے ڈرسے سمندرمیں چھلانگ لگادی۔
ایس ایچ اونے بتایا کہ موقع پرسے پکڑے جانے والے ڈکیت کی شناخت سمیرکے نام سے ہوئی ہے جب کہ اس کے ہلاک ساتھی کا نام لالو معلوم ہوا ہے۔ متاثرہ شہری کی مدعیت میں واقعے کامقدمہ درج کیا جا رہا ہے ۔