گورنر ہاؤس سندھ میں آئی ٹی شکایتی سیل کا افتتاح

عوام گھر بیٹھے کیو آر کوڈ اسکین کے ذریعے شکایات درج کرواسکیں گے، کامران خان ٹیسوری


Staff Reporter October 18, 2023
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری آئی ٹی شکایتی سیل کا افتتاح کررہے ہیں( فوٹو: ایکسپریس )

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں آئی ٹی شکایتی سیل کا افتتاح کردیا، عوام گھر بیٹھے کیو آر اسکین کوڈ کے ذریعے اپنی شکایات درج کرواسکیں گے۔

آئی ٹی شکایتی سیل افتتاح کے بعد گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس میں شکایتی سیل سے عوام کو فائدہ پہنچے گا، ایک سال کے دوران ایک لاکھ سے زائد لوگوں نے گورنر ہاؤس کے گیٹ پرنصب ' بیل آف ہوپ ' کا وزٹ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس آئی ٹی شکایتی سیل کا مقصد بھی لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے، اس ایپلی کیشن کے ذریعے 9 سرکاری محکموں کو کنیکٹ کیا گیا ہے، آپ اپنی شکایت واٹس ایپ کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے مجھ سمیت گورنر ہاؤس کے افسران و عملے نے 24،24 گھنٹے کام کیا ، مختلف مسائل کے حل کے لیے 10 ہزار شکایتیں موصول ہوئیں جن میں سے 4500 شکایتوں کو دور کیا گیا، گورنر ہاؤس سے 90 ہزار سے زائد لوگوں کو راشن تقسیم کیا گیا۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اپنی تعیناتی کے بعد عوام کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھول دیے، آئی ٹی کورسز کے 50 ہزار طالبعلموں کے لیے 24 ہزار اسکوائر فٹ کی مارکی تعمیر کی جا رہی ہے جہاں طالبعلموں کے لیے واش رومز ،ویٹنگ ایریا اور کینٹین بھی بنائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان سارے کاموں میں حکومت کا کوئی پیسہ نہیں لگا، لوگوں کی تکالیف میں ان کا ہاتھ بٹانے کی کوشش کر رہا ہوں، بہت سارے اینی شیٹو لا رہے ہیں جن کا مقصد صرف اور صرف لوگوں کی بھلائی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ان کاموں کی انجام دہی کے دوران بہت سے سیاسی معاملات کا بھی سامنا کیا ہے، کیوں کہ ہمارا مقصد بنا سیاست لوگوں کی خدمت کرنا ہے، میں اس صوبے میں آئین اور قانون کی حفاظت کے لیے کردار ادا کررہا ہوں۔

فلسطین پر اسرائیلی جارحیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سول سوسائٹی کی جانب سے فلسطین کے مسئلے پر خاموشی حیران کن ہے ، مظلوم فلسطنیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سول سوسائٹی سمیت سب لوگوں کو دعوت دے رہا ہوں کہ وہ اتوار کو گورنر ہاؤس آئیں اور شمعیں روشن کر کے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں۔

گورنر سندھ نے بتایا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجاً کل تین بڑی کمپنیوں کو ایوارڈ دینے سے انکار کیا، جو بن پڑا اپنے فلسطینی بھائیوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف خاموش نہیں رہنا ہے ہر ظلم کے خلاف آواز اٹھانی ہے۔کامران خان ٹیسوری نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فلسطین پر اسرائیل کے حملے فوری طور پر رکوائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں