ہیڈکوارٹر الاؤنس؛ ایف بی آر افسران کی تنخواہوں میں 140 فیصد مشروط اضافہ

ارشاد انصاری  پير 20 نومبر 2023
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے گریڈ 17 تا 22 کے افسران کی تنخواہوں میں ہیڈ کوارٹر الاؤنس 2023ء کی مد میں 140 فیصد مشروط اضافہ کردیاہے۔

یہ الاؤنس صرف ایف بی آر میں تعینات افسران کو ملے گا۔ ہیڈ کوارٹر الاؤنس کا اطلاق یکم نومبر 2023ء  سے کیا گیا ہے جب کہ 140 فیصد ہیڈ کوارٹر الاؤنس 30 جون 2022ء  کی بنیادی تنخواہ پر ملے گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ایف بی آر کے 305 سے زائد افسران کو 140 فیصد ہیڈکوارٹر الاؤنس دینے کا فیصلہ

ایکسپریس کو دستیاب دستاویز کے مطابق وزارت خزانہ کے ریگولیشن ڈیپارٹمنٹ نے ایف بی آر افسران کو یکم نومبر سے 30 جون 2022ء  کی بنیادی تنخواہ پر 140 فیصد ہیڈ کوارٹر الاؤنس فراہم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرکے کاپی اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان اسلام آباد کو بھجوادی ہے اور ساتھ ہی چیئرمین ایف بی آر اور سیکرٹری ریونیو ڈویژن کو بھی کاپی ارسال کردی گئی ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 140 فیصدہیڈ کوارٹر الاؤنس 2023ء  صرف ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں تعینات گریڈ 17 تا 22 افسران کو ملے گا  جب کہ140 فیصدہیڈ کوارٹر الاؤنس  2023ء  لینے والے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کے گریڈ 17  تا 22 کے افسران کو ملنے والا پرفارمنس الاؤنس اور ایف بی آر کی دوسری فکس مراعات منجمد ہوجائیں گی۔

مزید پڑھیں: ایف بی آر ملازمین کی تنخواہوں میں فرق دور اور اضافہ کرنے کی سمری مسترد

دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر ہیڈ کوارٹرکے گریڈ 17 تا 22 کے ایسے افسران، جنہوں نے کرائے پر گھر لے رکھا ہے یا اپنا گھر ریکوزیٹ کروارکھا ہے، ان افسران کو ان کی ہائرنگ کی مقرر کردہ سیلنگ سے زیادہ کرایے کی مد میں ملنے والی رقم بھی بند کردی جائے گی۔

ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کے افسران کو دیے جانے والے اس 140 فیصد ہیڈ کوارٹر الاؤنس کے لیے ٹرمز اینڈ کنڈیشنز سب وہی ہوں گی جو وفاقی حکومت کے تمام ملازمین کو ملنے والے دوسرے الاؤنسز پر لاگو ہیں۔

ایف بی آر کے گریڈ 17 تا 22 کے افسران کو 30 جون 2022 کی بنیادی تنخواہ پر 140 فیصد ہیڈ کوارٹر الاؤنس کی ادائیگی پر آنے والے اخراجات کے لیے ایف بی آر کو کسی قسم کے اضافی فنڈز فراہم نہیں کیے جائیں گے اور اس پر آنے والے اخراجات فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو رواں مالی سال 2023-24 کے لیے مختص کردہ بجٹ سے پورے کرنے ہوں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نگراں وزیراعظم انوارلحق کاکڑ نے گزشتہ ماہ(اکتوبر) میں ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کے گریڈ 17 تا 22 کے افسران کے الاؤنسز کے ریشلنلائزیشن کی سمری کی منظوری دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔