کراچی ناردرن بائی پاس سے ملنے والی نوجوان کی لاش کی شناخت

مقتول سپر ہائی وے فیقرا گوٹھ کا رہائشی تھا جس کا تعلق مورو نوشہرو فیروز سے ہے


Staff Reporter December 20, 2023
قتل کیے گئے نوجوان کی تصویر

ناردرن بائی پاس سے ملنے والی نوجوان کی لاش کی شناخت کرلی گئی، مقتول سپر ہائی وے فقیرا گوٹھ کا رہائشی تھا جس کا تعلق مورو نوشہرو فیروز سے ہے۔

ایکسپریس کے مطابق منگل کی شب گلشن معمار ناردرن بائی پاس لنک روڈ افغان کمیپ قبرستان کے قریب سے کپڑوں میں لپٹی ہوئی نوجوان کی لاش ملی تھی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے بعد سرد خانے منتقل کردی گئی تھی.

بدھ کی صبح مقتول نوجوان کی شناخت 19 سالہ ساجد علی ولد حاجی خان کے نام سے کی گئی، مقتول نوجوان فیملی کے ہمراہ سپرہائی وے فیقرا گوٹھ کا رہائشی تھا جبکہ ان کا آبائی تعلق مورو نوشہرو فیروز سے ہے، نوجوان گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔

ایس ایچ او گلشن معمار وقار قیصرکے مطابق مقتول نوجوان 16 دسمبرسے لاپتا تھا اور گمشدگی کی رپورٹ سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں درج تھی، مقتول 16 دسمبر کی شام موٹر سائیکل پر گھر سے نکلا لیکن واپس نہیں آیا، منگل کی شب مقتول کی لاش افغان کمیپ قبرستان کے قریب سے مل گئی جسے چہرے پر گولی مار کر کسی اور مقام پر قتل کیا گیا اور لاش گلشن معمار تھانے کی حدود میں پھینک دی گئی۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول نوجوان کے پاس موبائل فون اور موٹر سائیکل بھی تھی جو غائب ہے جسے تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔

ایس ایچ او کہنا ہے کہ اہل خانہ نے کسی پر شک کا اظہار تو کیا ہے لیکن وہ نوجوان کی تدفین کے بعد ہی قانونی کارروائی سے متعلق پولیس سے رابطہ کریں گے۔

مقتول نوجوان کے والد نے بتایا کہ بیٹے کی گمشدگی کے حوالے سے سائٹ سپرہائیوے صنعتی ایریا تھانے گیا تھا لیکن ان کی ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی، پولیس والے بار بار تھانے کے چکر لگواتے رہے، بیٹا تعلیم بھی حاصل کرتا تھا اور ملازمت بھی کرتا تھا، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔

مقتول نوجوان کے والد نے ارباب اختیار سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، مقتول نوجوان کے ایک عزیز کا کہنا ہے کہ پولیس نے اپنی مدعیت میں ایف آئی آر کاٹی ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ صاف شفاف تحقیقات کی جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں