یکم جون سے بیرون ملک سفر کرنیوالے پاکستانیوں کیلئے پولیوسرٹیفکیٹ لازمی قرار

ویب ڈیسک  بدھ 28 مئ 2014
حکومت سندھ نے یکم جون سے امیگریشن کاؤنٹر پر ڈاکٹرز کی ٹیمیں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فوٹو:فائل

حکومت سندھ نے یکم جون سے امیگریشن کاؤنٹر پر ڈاکٹرز کی ٹیمیں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فوٹو:فائل

کراچی: عالمی ادارہ صحت نے یکم جون سے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں پر پولیو ٹریول سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق   عالمی ادارہ صحت نے یکم جون سے بیرون ملک جانےوالے پاکستانیوں کے لیے پولیو ٹریول سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی پاکستانی کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ عالمی ادارہ صحت کی ہدایت کے بعد حکومت سندھ نے یکم جون سے امیگریشن کاؤنٹر پر ڈاکٹرز کی ٹیمیں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق مطابق ڈاکٹرز کی ٹیمیں پولیو ٹریول سرٹیفکیٹ کی جانچ پڑتال کے لئے 24 گھنٹے امیگریشن کاؤنٹر پر تعینات رہیں گی جبکہ پولیو ٹریول سرٹیفکیٹ سرکاری اسپتالوں اور بچوں کےٹیکہ جاتی مراکز سے باآسانی مفت حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ لاہور کے علاقے بندر روڈ اور سمن آباد میں موجود گندے نالوں سے لیے گئے نمونوں میں پولیو وائرس موجود ہے، ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے بعد محکمہ صحت پنجاب میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جس کےبعد محکمہ صحت کی جانب سے شہر میں ایک مرتبہ پھر 2جون سے انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے بلوچستان کے گندے نالوں میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی تھی اور اس سے 22  لاکھ بچوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔