کراچی مبینہ پولیس مقابلوں کے بعد 2 زخمی سمیت 3 ڈاکو گرفتار
گرفتار ڈاکوؤں سے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا، پولیس
ناظم آباد اور نیوکراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 2 زخمی سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ناظم آباد پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب ناظم آباد چار نمبر مجاہد کالونی ریلوے پھاٹک کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا، زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 25 سالہ ابوبکر ولد داؤد خان کے نام سے جبکہ دوسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام محمد کاشف ولد کوثر علی بتایا، گرفتار ملزمان سے ایک ٹی ٹی پستول بمعہ ایمونیشن، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب نیوکراچی سیکٹر 6/B صباء سنیما کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت 25 سالہ شعیب عرف مشکی ولد مبارک کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزم کا ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم سے علاج و معالجے کے بعد تفتیش کی جائے گی۔