کراچی گھریلو ناچاقی پر شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی کو قتل کردیا
کچھ دن قبل بھی مقتولہ کو اس کے شوہر اور دیور نے جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی
سچل کے علاقے صنبوبرٹاؤن کے قریب شوہر نے گھریلو ناچاقی پر بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
جمعے کی شب سچل کے علاقے صنبوبرٹاؤن کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم عاشق حسین نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی لطیفہ بی بی کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا، جس کے بعد مقتولہ کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کردی۔
مقتولہ لطیفہ بی بی کے بھائی نے '' ایکسپریس '' کو بتایا کہ مقتولہ 6 بچوں کی ماں تھی، اس کا شوہر اسے اکثر و بیشتر مارتا پیٹتا تھا جس کی وجہ سے وہ احسن آباد کے قریب نور محمد گوٹھ میں منتقل ہوگئی تھی۔
کچھ دن قبل بھی مقتولہ کو اس کے شوہر اور دیور نے جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی اور اس پر چھری کے وار بھی کیے تھے۔
مقتولہ کے بیٹے نے بتایا کہ ہم نے اپنے والد کو رکشہ بھی دلوایا تھا، انھوں نے رکشہ چند دن چلانے کے بعد اپنے بھائی کو دے دیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے اور بہت جلد اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔