عید پر ریٹائرڈ ایس ایس پی کے گھر سے 44 لاکھ نقد، 25 تولہ زیورات چوری

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 12 اپريل 2024
پولیس نے ڈیفنس فیز 8 میں چوری کی واردات کا مقدمہ درج کرلیا ہے

پولیس نے ڈیفنس فیز 8 میں چوری کی واردات کا مقدمہ درج کرلیا ہے

 کراچی: عید الفطر کے دوسرے روز ریٹائرڈ ایس ایس پی کے گھر سے چور 44 لاکھ نقد اور 25 تولہ زیورات چوری کرکے فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ڈیفنس فیز 8 خیابان فیصل میں ریٹائرڈ ایس ایس پی کے گھرسے ملزمان 25 تولہ کے طلائی زیورات اور دیگر اشیا چوری کر کے فرار ہوگئے۔ واردات کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ساحل تھانے کی حدود ڈیفنس فیز 8خیابان فیصل کے رہائشی ریٹائرڈ ایس ایس پی غلام سرور ابڑو نے ساحل تھانے آکر اطلاع دی کہ وہ 9 اپریل کو عید الفطر کے سلسلے میں اپنے آبائی گاؤں گئے ہوئے تھے جب کہ ان کے بچے 10 اپریل 2024 کو دوپہر تقریباً ڈھائی بجے گھر لاک کر کے اپنے ماموں کے گھر گارڈن گئے ہوئے تھے ۔

میرا بیٹا افنان تقریباً 11 بجے شب واپس گھر آیا تو دیکھا کہ کمرے کی الماریوں کے لاک اور لاکر کھلے ہوئے تھے اور میری ویگو فروخت کیے جانے سے حاصل ہوئی رقم 44 لاکھ روپے غائب تھے ۔ میرے بیٹے برہان نے بتایا کہ الماری کا لاک اور لاکر ٹوٹا ہوا تھا اور اس کے اندر رکھے بیوٹی باکس کے اندر سے میری مرحوم زوجہ کے طلائی زیورات جس میں چوڑیاں کنگن وغیرہ جن کا مجموعی وزن تقریباً 25 تولہ تھا سمیت بیٹے برہان کا شناختی کارڈ ، سی سی ٹی وی راؤٹر بھی ساتھ لے گئے۔

ملزمان اس کے علاوہ بھی سامان چوری کرکے لے گئے، اس حوالے سے بچوں سے معلومات حاصل کررہا ہوں۔ ساحل پولیس نے ریٹائرڈ ایس ایس پی کا بیان قلمبند کرنے کے بعد 11 اپریل 2024 کی شب10 بجے نامعلوم ملزم یا ملزمان کے خلاف 457 ، 454 اور 380 کے تحت مقدمہ الزام نمبر 78/2024 درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔