بلوچستان میں موسم خوشگوار، گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی

ویب ڈیسک  جمعـء 12 اپريل 2024
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 کوئٹہ: بلوچستان میں عید کے تیسرے روز موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے گرج چمک کے ساتھ صوبے بھر میں شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اطراف کے علاقوں میں موسم یکسر تبدیل ہوگیا، جس سے ہوا میں خنکی آ گئی جب کہ پشین، سرانان، کچلاک سمیت دیگر علاقوں میں بارش کی اطلاعات ہیں۔

موسم کی پیش گوئی کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا جب کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم ابر آلود ہوگیا ہے۔شمالی اضلاع میں چند مقامات پر وقفے وقفے بارش شروع ہو چکی ہے۔

محکمہ موسمیات نے صوبے کے 25 سے زائد اضلاع میں آج شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، جھل مگسی میں بارش متوقع ہے۔

علاوہ ازیں لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ ، قلعہ سیف اللہ ، لسبیلہ، قلات ، خضدار، زیارت، مسلم باغ، ہرنائی، نصیر آباد ، جعفرآباد، چاغی، پنجگور، گوادر اور کیچ میں بھی بارش متوقع ہے۔

بعض اضلاع میں آندھی اور جھکڑ چلنے کے ساتھ ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔