عمران خان نے چئیرمین پی اے سی کے لیے وقاص اکرم کے نام کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک  بدھ 8 مئ 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: پی ٹی آئی کی جانب سے چئیرمین پی اے سی کے لیے شیخ وقاص اکرم کا نام فائنل کر لیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پی اے سی کے لیے قبل ازیں شیر افضل مروت کا نام دیا گیا تھا تاہم پارٹی رہنماؤں کی جانب سے منع کرنے پر بانی چئیرمین عمران خان نے شیخ وقاص اکرم کے نام کی منظوری دے دی۔

یہ پڑھیں : شبلی فراز اور عمر ایوب کے ساتھ کام کرنے سے انکار کرتا ہوں، شیر افضل

آج پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں شیخ وقاص اکرم کے نام کی تصدیق کر دی اور کہا کہ ہمارے چئیرمین پی اے سی کے لیے امیدوار شیخ وقاص اکرم ہیں۔

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پہلے شیرافضل مروت کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لئے نامزد کیاتھا۔ تاہم ان کے نام پر پارٹی میں شدید اختلافات سامنے آئے تو ان کے بجائے  بانی پی ٹی آئی نے سربراہ سنی اتحاد کونسل حامد رضا کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نامزد کردیا تھا تاہم وہ بھی دوڑ سے باہر ہوگئے اور ان کے بعد وقاص اکرم کو نامزد کیا گیا جس کی عمران خان نے منظوری دے دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔