عمران خان کا حکم؛ شیر افضل کو کور کمیٹی سے بھی نکال دیا گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 9 مئ 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کے حکم پر پارٹی رہنما شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے بعد کور کمیٹی سے بھی نکال دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی چیئرمین کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو دونوں کمیٹیوں سے نکالا گیا ہے، عمر ایوب نے شیر افضل مروت کو پارٹی کی کمیٹیوں سے علیحدہ کرنے کی تصدیق کر دی اور کہا ہے کہ بانی چیئرمین نے براہ راست کہا ہے کہ شیر افضل مروت کو سیاسی اور کور کمیٹی سے علیحدہ کیا جائے۔

یہ پڑھیں: سوال پسند نہ آنے پر شیرافضل مروت کے ساتھیوں کا صحافی پر تشدد

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا ٹاک میں عمر ایوب نے بتایا کہ شیر افضل مروت کو بانی پی ٹی آئی نے بہت عزت و احترام دیا، شیر افضل کو بارہا پارٹی پالیسی وائلیشن نہ کرنے کی ہدایات دیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے شیر افضل مروت نے سعودی حکومت کے ساتھ تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے اور سعودی حکومت کے ساتھ ذاتی تعلقات کو شیر افضل مروت نے نقصان پہنچایا جب کہ بانی پی ٹی آئی کے کراؤن پرنس محمد بن سلمان کے ساتھ نہایت اچھے تعلقات ہیں۔

عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے حکم جاری کیا ہے کہ شیر افضل مروت کو کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی سے الگ کیا جائے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے پولیٹیکل کمیٹی شیر افضل مروت کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لے، شیر افضل مروت کو شو کاز نوٹس جاری کیا جائے۔

اسے بھی پڑھیں: شیر افضل پارٹی اختلافات پر پھٹ پڑے، شبلی فراز اور عمر ایوب کو لیڈر ماننے سے انکار

عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں ملنا نہ ملنا میرا اختیار نہیں، بانی پی ٹی آئی کو انفارمیشن ملتی رہتی ہے وہ اخبارات بھی پڑتے ہیں پارٹی کا جنرل سیکرٹری ہوں لیکن فیصلوں کا اختیار بانی پی ٹی آئی کا ہے، مجھے لیڈر آف اپوزیشن بنانے کا حکم بانی پی ٹی آئی نے دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔