گھوٹکی میں فائرنگ سے شدید زخمی صحافی نصراللہ گڈانی جاں بحق

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 25 مئ 2024
نصراللہ گڈانی کو گھوٹکی سے شدید زخمی حالت میں دو روز قبل بذریعہ ایئر ایمبولینس کراچی کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا

نصراللہ گڈانی کو گھوٹکی سے شدید زخمی حالت میں دو روز قبل بذریعہ ایئر ایمبولینس کراچی کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا

  کراچی: گھوٹکی میں قاتلانہ حملے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی صحافی نصراللہ گڈانی کراچی کے نجی اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے.

صحافی نصراللہ گڈانی کو گھوٹکی سے شدید زخمی حالت میں دو روز قبل بذریعہ ایئر ایمبولینس اسٹیڈیم روڈ پر قائم نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ رہے سکے.

اس حوالے سے کراچی پریس کلب سے جاری مذمتی بیان میں کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی ، سیکرٹری شعیب احمد ، نائب صدرعبدالرشید میمن اور اراکین مجلس عاملہ نے کہا کہ رپورٹر نصراللہ گڈانی ایک بے باک صحافی تھے جنھیں سچ لکھنے اور بولنے کی پاداش میں گولیاں مار کر شہید کیا گیا اور اس افسوسناک واقعے کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں.

کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ ایک صحافی پر فرائض کی ادائیگی کے دوران جس طرح قاتلانہ حملہ کیا گیا ، یہ اداروں کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے ، کچھ عرصہ قبل سکھر کے صحافی جان محمد مہر کو بھی قتل کرنے والے قاتل آج بھی آزادانہ گھوم رہے ہیں جس پر ناصرف سندھ بلکہ پورے ملک کی صحافی برادری کو شدید تشویش ہے۔

کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد نے وزیراعلیٰ سندھ ، وزیر اطلاعات سندھ ، وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ سمیت دیگراعلیٰ حکام سے نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرنے اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔