ٹی20 ورلڈکپ آسٹریلیا نے سپر 8 کیلئے کوالیفائی کرلیا

کینگروز نے نمیبیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی


June 12, 2024
(فوٹو: کرک انفو)

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے نمیبیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نمیبیا کے 72 رنز کے آسان ہدف کو آسٹریلیا نے 1 وکٹ کے نقصان پر 5.4 اوورز میں حاصل کر کے سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ نمایاں بیٹسمین تھے جنہوں نے 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ڈیوڈ وارنر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ مچل مارش 18 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی واحد وکٹ نمیبیا کے بولر ڈیوڈ ویزے نے حاصل کی۔

اس سے قبل سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں میگا ایونٹ کے گروپ بی کے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نمیبیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

نمیبیا کی بیٹنگ لائن آسٹریلوی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 17 اوورز میں 72 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

نمیبیا کے 9 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے، ٹیم کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس 36 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مائیکل وین نے 10 رنز بنائے۔

کینگرو بولر ایڈم زمپا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مارکوس اسٹوئنس اور جوش ہیزل ووڈ نے 2،2 جبکہ کپتان پیٹ کمنز اور ناتھن ایلیز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میگا ایونٹ کے گروپ بی میں یہ دونوں ٹیمیں آج اپنا تیسرا میچ کھیل رہی ہیں، اس سے قبل کینگروز اپنے دونوں میچوں میں کامیابی سمیٹ چکی ہے۔

نمیبیا کو گزشتہ دو میچوں میں سے ایک میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں