بیوی اور معصوم بیٹی پر تیزاب پھینکنے والا سفاک ملزم گرفتار
سفاک ملزم امین نے اپنی بیوی بلوچستان پولیس کی ریکروٹ کانسٹیبل اور 3 سالہ بیٹی پر سعید آباد کی حدود میں تیزاب پھینکاتھا
ماڑی پور انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بیوی اور معصوم بیٹی پر تیزاب پھینک کر جلانے والے سفاک ملزم گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید کے مطابق سفاک ملزم امین ولد عبد الستار نے 15 مئی کو اپنی بیوی بلوچستان پولیس کی ریکروٹ کانسٹیبل اقراء اور اپنی معصوم بیٹی 3 سالہ مریم کو سعید آباد کی حدود میں واقع خورشید پورہ قبرستان کے پاس تیزاب سے جلایا تھا۔
تیزاب گردی سے ماں بیٹی کے چہرے اور پورے جسم بری طرح جھلس گئے تھے، جھلس کر زخمی ہونے والی ماں بیٹی تاحال اسپتال میں زیرعلاج ہیں، واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 301/2024 بجرم دفعہ 336B سعیدآباد میں درج کیا گیا تھا۔
واقعہ کے بعد ملزم روپوش ہوگیا تھا جس کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، ٹیم نے تکنیکی ذرائع کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا۔