کراچی پولیس مقابلوں میں لیاری گینگ وار کارندے سمیت 3 ملزمان گرفتار

پولیس نے گرفتار ملزمان سے اسلحہ، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی


Staff Reporter July 05, 2024
(فوٹو : فائل)

شہر قائد میں پولیس نے مقابلوں کے دوران لیاری گینگ وار کارندے سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔


پولیس کے مطابق کلری پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار عذیر بلوچ گروپ سے ہے، جو بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے ۔


کلری پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ماڑی پور روڈ پرانا ٹرک اڈا کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت 31 سالہ محمد افضل شاہ ولد غلام مصطفیٰ کے نام سے کی گئی ۔


گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی ۔ گرفتار ملزم لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ گروپ کا کارندہ اور بھتہ خوری میں ملوث رہا ہے ۔ ملزم عذیر بلوچ کے نام پر بلڈرز ، تاجروں اور دیگر سرمایہ داروں سے بھتہ وصولی و دھمکیاں دیا کرتا تھا ۔ ملزم بھتے اور ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے ۔ گرفتار ملزم کے خلاف بغدادی ، کلری ، عید گاہ اور نپئیر تھانوں میں اسلحہ ایکٹ ، بھتہ خوری ، ڈکیتی اور منشیات فروشی سمیت دیگر دفعات کے تحت 8 مقدمات درج ہیں ۔


دریں اثنا پاپوش نگر پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پاپوش قبرستان امجد صابری قوال مزار کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ، جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت شبیر احمد ولد گلزار کے نام سے کی گئی ، دوسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام راشد اقبال ولد ظفر اقبال بتایا. گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے . گرفتار ملزمان سے ایک نائن ایم ایم اور ایک 30 بور پستول بمعہ گولیاں ، 3 موبائل فون ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں