بالائی علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے دریائے کابل میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارش کے بعد نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کا بہاؤ 1,10,000 کیوسک ریکارڈ ہوا۔
اسی طرح خیر آباد آٹک کے مقام پر دریائے کابل اور دریائے سندھ کے سنگم پر پانی کا بہاؤ 4,27,000 کیوسک ریکارڈ ہوا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: ملک بھر میں جاری مون سون کی بارشوں کے دوران 104 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعداد شمار میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے دوران مجموعی طور پر 104 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جب کہ مجموعی طور پر تقریباً 1500 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ میں خیبر پختونخوا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ طوفانی بارشوں کے سبب صوبے میں 34 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں جب کہ مختلف حادثات میں 79 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسی طرح 382 گھروں کو بارشوں اور سیلابی صورت حال سے نقصان پہنچا ہے۔