دنیا کی کوئی طاقت وزیراعظم سے ان کا مینڈیٹ نہیں چھین سکتی، عابد شیر علی

ویب ڈیسک  اتوار 10 اگست 2014
وزیر اعظم نواز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے کام کررہے ہیں۔ عابدشیرعلی ، فوٹو:فائل

وزیر اعظم نواز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے کام کررہے ہیں۔ عابدشیرعلی ، فوٹو:فائل

فیصل آباد: وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں  پوری قوم متحد ہے، دنیا کی کوئی طاقت وزیراعظم نواز شریف سے ان کا مینڈیٹ نہیں چھین سکتی۔

فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران وزیر مملکت برائے پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو مارچ کرنا ہے تو طالبان کے خلاف اور فوج کے حق میں  کریں، سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بے گناہ عوام کے قاتلوں کے خلاف کریں، عمران خان وہی شخص ہیں جس نے پرویز مشرف كی حمایت کی تھی اور اس کے بدلے انہوں نے بہت سے فائدے حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان آزادی مارچ کی جگہ قومی مارچ کریں تاکہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ایک ساتھ مل کر ملک و قوم کے لئے کام کریں۔

عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں میں ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا لیکن وزیر اعظم نواز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے کام کررہے ہیں، حکومت نے بجلی بحران قابو پانے کے لئے چین کے ساتھ مل کر 18منصوبے شروع کئے ہیں جو 10 ہزار میگا واٹ بجلی مہیا کریں  گے۔ انہوں  نے کہا کہ وزیر اعظم  نے عمران خان کو مذاکرات کی دعوت دی ہے کہ سازشوں کا شکار ہونے کی بجائے جمہوری نظام کو مضبوط بنایا جائے، قومی  سکیورٹی کانفرنس کے شرکا کو درباری کہنا عمران خان کو زیب نہیں دیتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔