افغان سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 60 طالبان ہلاک، 5 اہلکار بھی مارے گئے

نیٹ نیوز / خبر ایجنسیاں  پير 26 جنوری 2015
ہلمند کے دارالحکومت لشکرگاہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس افسرکمانڈر محمد ایوب کو ہلاک کردیا۔ فوٹو: فائل

ہلمند کے دارالحکومت لشکرگاہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس افسرکمانڈر محمد ایوب کو ہلاک کردیا۔ فوٹو: فائل

کابل: افغانستان کے صوبے قندوز میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 60طالبان عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا جبکہ جھڑپ میں 5 سیکیورٹی اہلکار بھی مارے گئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق افغان صوبے قندوز میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 60 سے زائد طالبان عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا، متعدد جنگجوؤں کی لاشیں ابھی تک علاقے میں پڑی ہیں۔ قندوز میں آپریشن کے دوران 3پولیس اہلکار اور 2 افغان فوجی بھی مارے گئے۔ قندوز پولیس کے ترجمان سرور حسینی کے مطابق یہ کارروائی افغان فوج، قومی پولیس اور قومی انٹیلی جنس ادارے کی مشترکہ کارروائی تھی۔ آپریشن کے ذریعے 3 دیہات کو عسکریت پسندوں کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا، طالبان کی جانب سے اس بارے میں کوئی رد عمل اب تک سامنے نہیں آیا۔

دریں اثنا افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اتوار کو علی الصباح ہونے والے بم دھماکے میں2 شہری زخمی ہوگئے۔ حکام نے بتایا کہ کابل کے علاقے قصبہ ایریا میں کھڑی کار میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں2افغان شہری زخمی ہوگئے۔ قائم مقام وزیرداخلہ ایوب سولانگی نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔ ادھر جنوبی صوبے ہلمند کے دارالحکومت لشکرگاہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شہر کے چیک پوسٹس کے سیکیورٹی کمانڈرمحمد ایو ب کو ہلاک کردیا۔ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔