سچل، خاتون کی لاش شناخت کیلیے سرد خانے میں موجود

ایکسپریس اردو  پير 16 جولائی 2012
 سانحہ تربت میں ہلاک ہونیوالے مزید ایک شخص کی شناخت،میت فیصل آباد روانہ

سانحہ تربت میں ہلاک ہونیوالے مزید ایک شخص کی شناخت،میت فیصل آباد روانہ

کراچی:  سچل کے علاقے سے ملنے والی خاتون کی لاش کی شناخت نہیں ہوسکی جبکہ تربت واقعے میں ہلاک ہونے والے مزید ایک شخص کی میت کی شناخت کرلی گئی جس کے بعد میت تدفین کیلیے آبائی علاقے فیصل آباد روانہ کردی گئی، تفصیلات کے مطابق پولیس نے ہفتہ14جولائی کو سچل کے علاقے سکندر گوٹھ میں خالی پلاٹ سے32سالہ خاتون کی زمین میں مدفون ہاتھ پائوں بندھی لاش برآمد کی تھی،

لاش8روز پرانی تھی، مقتولہ کی شناخت نہ ہونے کے باعث پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد تلاش ورثا کیلیے لاش ایدھی سرد خانے میں رکھوادی جس کی اتوار کو بھی شناخت نہ ہوسکی، علاوہ ازیں تربت میں نامعلوم افراد کی بس پر فائرنگ سے ہلاک ہونے والے18افراد میں سے مزید ایک اور شخص کی شناخت اس کے بھائی محمد اسماعیل نے محمد رمضان ولد علی محمد کے نام سے کرلی،

ایدھی کے مطابق مقتول کا آبائی تعلق فیصل آباد سے تھا اور اس کی میت ایدھی ایمبولینس کے ذریعے کراچی سے فیصل آباد روانہ کردی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔