پورے رمضان سندھ کے عوام کوسستا آٹا ملے گا،انتظامات مکمل

ایکسپریس اردو  جمعـء 20 جولائی 2012
قیمت23روپے فی کلو ہوگی،مقررہ مقامات پر 10کلوآٹے کے تھیلے دستیاب ہوں گے۔ فوٹو/ایکسپریس

قیمت23روپے فی کلو ہوگی،مقررہ مقامات پر 10کلوآٹے کے تھیلے دستیاب ہوں گے۔ فوٹو/ایکسپریس

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں 2.5بلین روپے کے رمضان سے متعلق ریلیف اورسبسڈی پیکیج کااعلان کیاگیا تھا اورمحکمہ خوراک کی بریفنگ کے بعد سیکریٹریز پرمشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اس طرح سندھ حکومت نے رمضان المبارک کے مہینے کے دوران 200,000میٹر ک ٹن گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ صارفین کو سستاآٹا 23روپے فی کلوگرام کے حساب سے فراہم ہوسکے جس کے لیے صوبے بھرمیں آٹے کی فراہمی کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔

رمضان پیکج کی ڈسٹری بیوشن کے حوالے سے ملوں کوگندم کے اجرا کی پالیسی کو شفاف بنایا گیا ہے۔ ملوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ لوگوں کے لیے مقررہ آوٹ لیٹس پر10کلوگرام کی پیکنگ میں سستا آٹا یقینی بنائیں اس کے ساتھ ضلعی انتظامیہ سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ بچت بازار خاص طور پرآوٹ لیٹس اور خصوصی رمضان بازار کا اہتمام کریں جہاں پرعام لوگوں کو 10کلو گرام آٹے کے تھیلے 230 روپے میںدستیاب ہوں جبکہ ان آوٹ لیٹس کا ضلع اورتعلقہ ہیڈکواٹرز کی سطح پر انتظام کیا جائے جہاں پر ریونیو افسران اور محکمہ خوراک کے نمائندے آٹے کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔

فیصلے کے مطابق سندھ حکومت کے رمضان پیکج 2012ء کے تحت مختص کردہ 200,000میٹرک ٹن گندم کی ریجن کے حساب سے تقسیم کی گئی ہے اس کے مطابق کراچی ریجن کے لیے 90,000میٹرک ٹن،حیدرآباد ریجن کے لیے 35,000 میٹرک ٹن سکھرریجن کے لیے 45,000میٹرک ٹن، میرپور خاص ریجن کے لیے 15,000میڑک ٹن اورلاڑکانہ ریجن کے لیے 15,000میٹرک ٹن گندم د ی جائے گی محکمہ خوراک سندھ نے 18جولائی 2012ء سے فلور ملز کو 1875فی سو کلو گرام پلس 115 روپے باردانہ لاگت کے حساب سے گندم کی فراہمی شروع کردی ہے فیصلے کے مطابق متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر آٹے کی پیکنگ اور مقررہ نرخ پر تھیلے کی فراہمی کے ذمے دارہونگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔