دنیا کے مہنگے ترین کیک

نرگس ارشد رضا  ہفتہ 21 مئ 2016
ایسے کیک بھی بن چکے جو مہنگے ترین ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ فوٹو: فائل

ایسے کیک بھی بن چکے جو مہنگے ترین ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ فوٹو: فائل

دنیا بھر میں ’’میٹھے‘‘ کی بات ہو تو کیک سب کا من بھاتا کھاجا ہے۔ اب تک کیک کی بے شمار اقسام سامنے آچکی ہیں۔ حتی کہ ایسے کیک بھی بن چکے جو مہنگے ترین ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ ان کی تفصیل کچھ یوں ہے :

٭…ستمبر 2015ء میں متحدہ عرب امارات کے ایک شہزادے نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی بیٹی کی پہلی سالگرہ ایسے تزک واحتشام سے منائے گا کہ دنیا والے سدا اسے یاد رکھیں۔چناں چہ اس نے برطانوی ڈیزائنر،ڈیبی ونگہیم سے ایک بیش قیمت کیک تیار کرایا۔اسی کیک کو دنیا کا سب سے قیمتی کیک ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

یہ چھ فٹ لمبا اور ایک ہزار پونڈ وزنی کیک فیشن شو کی طرز پر بنایا گیا۔کیک کی تیاری پر گیارہ سو گھنٹے صرف ہوئے۔کیک پہ چار ہزار چھوٹے بڑے ہیرے نصب تھے۔انہی ہیروں نے کیک کو انتہائی قیمتی شے بنا دیا۔اس کیک کی مالیت 75 ملین ڈالر تھی۔پاکستانی کرنسی میں یہ رقم سات کروڑ پچاس لاکھ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔

٭…2013میں انگلینڈ میں بنایا جانے والا ’’چیسٹر ‘‘(Chester)نامی کیک مہنگے ترین کیکوں کی فہرست میں نمبر دو پہ براجمان ہے ۔اسے ’’کیک‘‘نامی بیکری نے ایک مقامی تقریب،نیشنل گائے ویڈنگ شو  کے لیے خاص طورپر تیار کیا ۔ یہ پانچ فٹ اونچا اور آٹھ منزلہ کیک تھا جس کو مکمل طور پر سفید کریم سے ڈھکا گیا۔ اس کی سجاوٹ کے لیے ’’چار ہزار‘‘ ہیرے استعمال کیے گئے۔ اس کیک کی قیمت 52.7 ملین ڈالر تھی۔پاکستانی کرنسی میں یہ قیمت پانچ کروڑ تیس لاکھ روپے بنتی ہے۔

٭…دیموتھو کماراسنگا (Dimuthu Kumarasinghe) سری لنکا کا مشہور چیف ہے۔2012ء میں اس نے فیصلہ کیا کہ وہ دنیا کا سب سے مہنگا کیک تیار کرے گا۔چناں چہ اس نے ہیرے جواہرات کی مدد سے کشتی نما یک کیک تیار کیا۔یہ کیک 35 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار ہوا۔دلچسپ بات یہ کہ اتنی ہی قیمت پر اسے خرید بھی لیا گیا۔یہ تب دنیا کا قیمتی ترین کیک تھا۔

٭… ڈیورا راز (Devorah Rose)امریکا کی مشہور سوشل خاتون ہے۔وہ ایک رسالے کی مدیرہ بھی ہے۔2011ء میں اس نے ایک پارٹی کے لیے ایسا قیمتی کیک تیار کرایا جس پہ تیس ملین ڈالر لاگت آئی۔اس کیک پر بھی ہیرے جواہر لگے تھے۔

٭…امریکی ریاست کیلی فورنیا کے مقام ،بیورلی ہلز میں ہر سال لگژری برائیڈل شو (Luxury Bridal Show )منعقد ہوتا ہے۔اس میں شادی بیاہ سے متعلق اشیا رکھی جاتی ہیں۔2006ء میں شو کے لیے ایک خصوصی کیک تیار کیا گیا جس میں ہیرے اور دیگر قیمتی پتھر لگے تھے۔کیک کی ڈیزائنر ایرانی چیف،ناہید پراسا تھی جس نے بڑی مہارت اور خوبصورتی سے اسے سجایا۔ اس چار منزلہ کیک کے ٹاپ کو فروسٹی کریم سے بھرا گیا تھا۔کیک کی تیاری پر 20 ملین ڈالر خرچ ہوئے تھے۔

٭…2010 ء میں ڈیلاس برائیڈل فئیر (Dallas Bridal Fair )میں ڈسپلے کے لیے ایک غیر خوردنی کیک تیار کیا گیا۔یہ کیک اس لحاظ سے مہنگا مانا جاتا ہے کہ اس کی سجاوٹ میں تقریبا بارہ ہزار ہیروں کی ڈوریاں لگائی گئی تھیں ۔کیک کا وزن ساٹھ پاؤنڈ تھا ۔اس کی تیاری پر 1.3ملین ڈالر خرچہ آیا تھا۔

٭… شہزادی ڈیانا کے بیٹے، پرنس ولیئم اور کیٹ میڈلٹن کی شادی کے موقع پر رائل ویڈنگ کیک تیار کیا گیا ۔کیک کے آٹھ منزلہ ہر حصے کو ماسٹر آرٹ کا نمونہ کہا جاتا ہے۔ اسے مکمل طور پر سفید کریم سے تیار کیا گیا۔اس میں سترہ مختلف اقسام کے مہنگے ترین پھول سجاوٹ کے لیے لگائے گئے۔ان پھولوں کی خاص بات یہ تھی کہ یہ مختلف ممالک کے کلچر کے عکاس تھے۔ رائل ویڈنگ کیک کی لاگت اسی ہزار ڈالر رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔