بیٹوں کو نہیں مریم نواز کو سیاست کا شوق ہے، وزیراعظم کا ترک صدر سے دلچسپ مکالمہ

خصوصی رپورٹر  جمعرات 17 نومبر 2016
ترک صدر کی ظہرانے میں سوپ، مچھلی، كباب اور پلاؤ سے تواضع كی گئی۔ فوٹو؛ فائل

ترک صدر کی ظہرانے میں سوپ، مچھلی، كباب اور پلاؤ سے تواضع كی گئی۔ فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف اور ترک صدر طیب اردوان کے درمیان ظہرانے پر دلچسپ مکالمہ ہوا جس میں ترک صدر نے وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو سیاست میں کامیاب ہونے کی دعا دی۔

وزیراعظم كی جانب سے ترك صدر كے اعزاز میں دیئے گئے فیملی ظہرانے میں طیب اردوان، ان كی اہلیہ ایمینی اردوان اور دیگر شریك ہوئے جب کہ وزیراعظم نوازشریف، بیگم كلثوم نواز، مریم نواز، اسحاق ڈار، خواجہ آصف اورشہباز شریف بھی ظہرانے میں موجود تھے۔ ظہرانے میں مہمانوں کی سوپ، مچھلی، كباب اور پلاؤ سے تواضع كی گئی جب کہ اس دوران شرکا میں اڑھائی گھنٹے گپ شپ ہوتی رہی۔

ترک صدر سے گفتگو میں وزیراعظم نواز شریف نے مریم نواز كے حوالے سے انہیں بتایا كہ میری بیٹی مریم كو سیاست میں دلچسپی ہے میرے بیٹوں كو سیاست میں دلچسپی نہیں ہے جس پر طیب اردوان نے جواب دیا كہ انشاءاللہ یہ سیاست میں كامیاب رہیں گی۔ ترک صدر کی اہلیہ ایمینی اردوان كا كہنا تھا كہ پاكستان كی تیزتر ترقی كی اچھی خبریں سن كر بہت خوشی ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ جب ترك صدر كی بیٹی كی شادی ہوئی تھی تو اس میں نواز شریف بطور گواہ شریك ہوئے تھے جب كہ ترك صدر نے مئی میں اپنی بیٹی كی شادی میں نوازشریف كو خصوصی دعوت دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔