دودھ کو گاڑھا کرنے کیلیے کیمیکل کے استعمال کا انکشاف، ٹیسٹ کرایا جائے، قائمہ کمیٹی

نمائندگان ایکسپریس  جمعرات 19 جنوری 2017
اعلیٰ عدلیہ کے ازخود نوٹس اختیارسے متعلق ترمیمی بل پھر موخر، پاکستان اسٹیل ملز کے ری اسٹرکچرنگ پلان کی تفصیلات طلب۔ فوٹو: فائل

اعلیٰ عدلیہ کے ازخود نوٹس اختیارسے متعلق ترمیمی بل پھر موخر، پاکستان اسٹیل ملز کے ری اسٹرکچرنگ پلان کی تفصیلات طلب۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی تحفظ خوراک اورتحقیق نے دودھ اور مشروبات میں کیمیکل کی ملاوٹ کی نشاندہی کیلیے نمونے ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی ہے۔

اجلاس چیئرمین شاکر اعوان کی صدارت میں ہوا۔ کمیٹی کوحکام نے بتایاکہ ملاوٹ والا دودھ سب سے پہلے بھارت سے اسمگل ہو کر آیا، دودھ کو گاڑھا کرنے کیلیے یوریا سمیت دیگر کیمیکل استعمال کیے جاتے ہیں۔ ارکان کمیٹی نے کہاکہ انرجی ڈرنکس میں موجود کیمیکل انسانی زندگی کیلیے خطرناک ہیں، یہ کیمیکل بلڈ پریشراوردل کے امراض کا سبب بن رہے ہیںاوراس کی وجہ سے اموات میںاضافہ ہو رہا ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ پاکستان کوالٹی کنٹرول اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی اس معاملے کو دیکھے اور قانون سازی کی جائے، کمیٹی نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون نے عدالتوں سے باہرمقدمات کے متبادل طریقوں سے حل اور مقدمات کے اخراجات سے متعلق 2 بل منظورکرلیے، اجلاس کمیٹی کے چیئرمین محمودبشیر ورک کی زیر صدارت ہوا۔ وزیر قانون و انصاف زاہد حامدنے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے کئی مرتبہ بین الاقوامی فورم پر بھی عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا، اس حوالے سے حکومت کی امریکی انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے۔

اجلاس میں اعلیٰ عدلیہ کے ازخودنوٹس لینے کے اختیارات کومحدود کرنے سے متعلق آئین میں 24 ویں ترمیم کابل (دستور ترمیمی بل 2015) مزید غور کیلیے ایک بار پھر موخر کر دیا گیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار نے پاکستان اسٹیل ملزکاری اسٹرکچرنگ پلان طلب کر لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔