پی ایس ایل فائنل کی میزبانی کا حتمی فیصلہ آج ہوگا

ویب ڈیسک  اتوار 26 فروری 2017
لاہور میں فائنل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ پی سی بی کے پیٹرن ان چیف نوازشریف تمام رپورٹس کا جائزہ لے کرکریں۔ فوٹو؛ فائل

لاہور میں فائنل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ پی سی بی کے پیٹرن ان چیف نوازشریف تمام رپورٹس کا جائزہ لے کرکریں۔ فوٹو؛ فائل

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی میزبانی کا حتمی فیصلہ آج ہو گا تاہم وزیراعظم نواز شریف تمام رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد اس کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

ایکسپریس نیو زکے مطابق پاکستان سپر لیگ کا دوسرا ایڈیشن کامیابی کے ساتھ فائنل کی جانب گامزن ہے، آخری معرکے کی میزبانی کا فیصلہ تاحال تاخیر کا شکار ہے اور اب تک یہ طے نہیں ہوسکا ہے کہ کون سا اسٹیڈیم پی ایس ایل کے فائنل کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرے گا۔ پی ایس ایل فائنل کے حتمی فیصلے کے سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں وفاقی مشیر قومی سلامی ناصر جنجوعہ، کورکمانڈرلاہورلیفٹیننٹ جنرل صادق علی، صوبائی وزیرقانون رانا ثنااللہ اور آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا سمیت دیگر حکام بھی شریک ہیں۔ تاہم حتمی فیصلے کے حوالے سے ایک اور ممکنہ  اجلاس بھی ہو سکتا ہے جس کی صدارت پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن چیف وزیراعظم نوازشریف کریں گے اور وہ تمام رپورٹس کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوگا یا نہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی کیلیے تجاویز طلب

دوسری جانب ابھی یہ طے ہونا باقی کہ پی ایس ایل کا فائنل کہاں ہوگا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرئش اور صفائی ستھرائی شروع کر دی ہے گراؤنڈ میں پچز بھی تیار کر لی گئی ہیں اور دیگر تمام انتظامات بھی مکمل کئے جا چکے ہیں۔ پی سی بی نے سیکیورٹی پلان بھی تشکیل دے دیا ہے جس کے مطابق اگر یہ فیصلہ ہوجاتا ہے کہ فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہی ہوگا تو لبرٹی چوک اور فیروز پور روڈ کو کینال سے کلمہ چوک تک مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پی ایس ایل کے فائنل کے لئے سیکیورٹی کمیٹی تشکیل

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔