واٹر بورڈ: ریٹائرڈ ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل کی مدت ملازمت میں توسیع

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 17 جنوری 2013
سینئر افسران کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ادارے کے سینئر اور حقدار ملازمین کی حق تلفی ہوگی  جبکہ یہ حکمنامہ سپریم کورٹ کے احکامات کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ فوٹو: فائل

سینئر افسران کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ادارے کے سینئر اور حقدار ملازمین کی حق تلفی ہوگی جبکہ یہ حکمنامہ سپریم کورٹ کے احکامات کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: عدالت کی طرف سے پابندی کے باوجود کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز علی محمد پلیجو کو دوبارہ ایک سال کے کنٹریکٹ پر رکھ لیا گیا ہے۔

اس فیصلے پر ادارے کے افسران نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ سے معاملے کا ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے، ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک حکمنامہ میں واٹربورڈ کے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز علی محمد پلیجو جو کہ 17جنوری کو ریٹائرڈ ہورہے تھے ان کو کنٹریکٹ پر رکھتے ہوئے ان کی مدت ملازمت ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے۔

اس فیصلے پر واٹربورڈ کے سینئر افسران میں شدید غصہ اور اشتعال پایا جاتا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ادارے کے سینئر اور حقدار ملازمین کی حق تلفی ہوگی  جبکہ یہ حکمنامہ سپریم کورٹ کے احکامات کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے جبکہ افسران نے علی محمد پلیجو کو بھی مشورہ دیا ہے کہ انھوں نے طویل عرصے ملازمت کرلی ہے اخلاقیات کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہ خود سے ریٹائرڈ ہوجائیں تاکہ ان کے ساتھ کام کرنے والے افسران کی حق تلفی نہ ہو ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔