وفاقی ترقیاتی بجٹ 10 کھرب روپے مختص کیے جانے کا امکان

حسیب حنیف  پير 15 مئ 2017
منصوبوں کو حتمی شکل دینے کیلیے آئندہ ہفتے اے پی سی سی میں پیش کیا جائے گا۔ فوٹو : فائل

منصوبوں کو حتمی شکل دینے کیلیے آئندہ ہفتے اے پی سی سی میں پیش کیا جائے گا۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے وفاقی ترقیاتی بجٹ 1000 ارب روپے تک مختص کیے جانے کا امکان ہے۔

آئندہ مالی سال سی پیک میں شامل گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ، دیامیر بھاشا ڈیم، گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے، حویلیاں ڈرائی پورٹ سمیت وزیر اعظم کے خصوصی پروگراموں کے تحت اہم منصوبے وفاقی ترقیاتی پروگرام میںشامل کیے جانے کا امکان ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے لیے آئندہ ہفتے سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی ( اے پی سی سی) میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال میں اپنے تعین کردہ اہداف کے حصول اور اہم منصوبوں کی تکمیل کے لیے وفاقی بجٹ 1000ارب روپے سے زائدرکھنے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ صوبائی ترقیاتی بجٹ 1ہزار 150ارب روپے کے لگ بھگ متوقع ہے۔

آئندہ مالی سال میں وفاقی حکومت کی جانب سے توانائی شعبے کے لیے 115ارب روپے سے زائد رقم مختص کیے جانے کی توقع ہے جبکہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت انفرااسٹرکچر کے منصوبوں کے لیے این ایچ اے کی جانب سے 500ارب روپے مانگے گئے تھے تاہم ذرائع کاکہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے لیے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں 150ارب روپے تک مختص کیے جائیں گے۔ اسی طرح وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے لیے 20 ارب روپے، خصوصی ترقیاتی پروگراموں کے لیے 28 سے30 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں آئندہ مالی سال حکومت کے ترقیاتی پروگرام کے تحت چائنا کی فنانسنگ سے دیا میر بھا شا ڈیم منصوبے پر بھی کام شروع کیا جانے کا امکان ہے۔ اسی طرح چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت گوادر ایئرپورٹ، گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے، حویلیاں ڈرائی پورٹ منصوبے پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں توانائی سیکٹر اور انفرااسٹرکچر کے لیے زیا دہ رقم مختص کیے جانے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔