قوم کوجمہوریت اوربادشاہت میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، عمران خان

ویب ڈیسک  بدھ 5 جولائی 2017
عام شہری مریم نوازکوسرکاری پروٹوکول ملنا سمجھ سے باہرہے، عمران خان: فوٹو: فائل

عام شہری مریم نوازکوسرکاری پروٹوکول ملنا سمجھ سے باہرہے، عمران خان: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو سرکاری پروٹوکول ملنا سمجھ سے بالاتر ہے اور پاکستانی قوم کو جمہوریت اوربادشاہت میں سے کسی ایک کاانتخاب کرنا ہوگا۔

چترال میں تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ جمہوریت میں قیادت میرٹ پر اوپر آتی ہے جب کہ دو نمبر جمہوریت میں میرٹ کا قتل ہوتا ہے، مغرب میں جمہوریت آگئی اس لیے وہ آگے بڑھ گیا لہذا ملک میں میرٹ کا نظام رائج ہونا چاہیےتاکہ ملک اوپر جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے اپنے دوستوں کو لے جاتا تو کبھی کامیابی نہ ملتی، ہمارا مشن ہے کہ ملک میں میرٹ کانظام لائیں گے اور میرٹ کا مطلب انصاف کرنا ہوتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں ملک میں یونیورسٹیاں قائم کرنے پر توجہ دینی چاہیے،60 کی دہائی میں ملک تیزی سے آگے جارہا تھا، ایک وقت تھا جب ہمارے یہاں ملائیشیا اور سنگاپور سے پڑھنے کے لیے طلبہ آتے تھے، ہم نے ملک کے تمام صوبوں کے مقابلے میں سارے صوبوں کی تاریخ میں تعلیم پر سب سے زیادہ رقم خرچ کی، پختونخوا میں ڈھائی کروڑ کی آبادی کے لیے 29 یونی ورسٹیاں بنائی گئی ہیں۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 5 میں سے 2 ججوں نے کہہ دیا کہ نوازشریف صادق اورامین نہیں رہے، حسن نواز 6 سال پہلے طالب علم تھے لیکن آج ساڑھے 6 ارب کے گھر میں رہتے ہیں، ہم پیسے کا پوچھتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم پرظلم ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تباہی کی وجہ یہ ہے کہ نوازشریف بادشاہ بنے ہوئے ہیں، پاکستان میں کہنے کو تو جمہوریت ہے لیکن درحقیقت بادشاہت ہے اور بادشاہت کی مثال دیکھنی ہے تو مریم نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی دیکھ لیجیے۔

عمران خان نے کہا کہ پولیس مجرمانہ تفتیش کے ملزم کو سلام کر رہی ہے، نوازشریف کی بیٹی ایک عام شہری ہیں اور وزیراعظم کی بیٹی کو پولیس سیلوٹ کررہی ہے، ان کی تعلیم کیا ہے، انھوں نے ملک کےلیےکیا کیا ہے، مریم کو سپریم کورٹ کے احکامات پر جے آئی ٹی میں بلایا گیا جب کہ تفتیش کے بعد جو جو باہرنکلتا ہے عمران خان کی تعریفیں کرنا شروع کر دیتاہے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے ٹوئٹر پر کہا کہ عام شہری کے لیے مریم نواز کو سرکاری پروٹوکول ملنا سمجھ سے باہر ہے، مریم نواز مجرمانہ تفتیش میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئیں اور پولیس انہیں سلیوٹ کیوں کررہی ہے جب کہ پاکستانی قوم کو جمہوریت اور بادشاہت میں سے کسی ایک کاانتخاب کرنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔