زوہیب حسن کی دنیائے موسیقی میں 10 سال بعد واپسی

ویب ڈیسک  پير 17 جولائی 2017
 ذوہیب حسن 21 جولائی کو اپنا نیا البم ’’سگنیچر‘‘ ریلیز کریں گے فوٹوفائل

ذوہیب حسن 21 جولائی کو اپنا نیا البم ’’سگنیچر‘‘ ریلیز کریں گے فوٹوفائل

اسّی اورنوے کی دہائی کی مشہور گلوکار جوڑی نازیہ حسن اور زوہیب حسن کو کون نہیں جانتا تاہم نازیہ حسن کی وفات کے بعد زوہیب نے گلوکاری سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی لیکن زوہیب 10 سال بعد ایک بار پھر ایک نئے البم کے ساتھ موسیقی کی دنیا میں واپس آرہے ہیں۔

ٹیلی ویژن پروگرام ’’سنگ سنگ چلیں‘‘ سے موسیقی کی ابتداء کرنےوالے زوہیب حسن اوران کی بہن نازیہ حسن کو پاکستان میں پاپ موسیقی کی سب سے مشہور جوڑی قرار دیا جاتا ہے جس کا پہلا البم ’’ڈسکو دیوانے‘‘ 1981 میں ریلیز ہوا جس نے نازیہ زوہیب کی گلوکار جوڑی کو شہرت کی ایسی بلندی پر پہنچادیا جو بہت کم پاکستانی گلوکاروں کے حصے میں آئی ہے۔ اس کے بعد نازیہ زوہیب کی جوڑی نے مزید چار میوزک البم ریلیز کیے جن میں بُوم بُوم (1982)، ینگ ترنگ (1984)، ہاٹ لائن (1987) اور کیمرا کیمرا (1992) شامل ہیں؛ اور اس کے بعد دونوں بہن بھائی دوسرے کاموں میں مصروف ہوگئے۔ ینگ ترنگ کو نازیہ زوہیب کا سب سے کامیاب میوزک البم قرار دیا جاتا ہے جس نے پاکستانی میوزک انڈسٹری میں نئے ریکارڈ بھی قائم کیے۔

البتہ 2000 میں نازیہ حسن کی ناگہانی موت کے بعد زوہیب حسن نے موسیقی میں دلچسپی لینا چھوڑ دی اور 2003 میں ان کے نغمے ’’خوبصورت‘‘ نے شہرت حاصل کی جبکہ 2006 میں ان کا آخری سولو البم ’’قسمت‘‘ کچھ خاص شہرت حاصل نہ کرسکا۔ اس کے بعد انہوں نے ’’کوک اسٹوڈیو‘‘ کے صرف ایک سیزن میں اپنی آواز کا جادو جگایا تاہم کوئی نئی البم نہیں لائے۔

لیکن پاپ موسیقی پسند کرنے والوں کیلئے خوشخبری ہے کہ زوہیب حسن بہت جلد اپنے نئے میوزک البم ’’سگنیچر‘‘ کے ساتھ 10 سال بعد دوبارہ گلوکاری کے میدان قدم رکھ رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زوہیب 21 جولائی کو اپنا نیا البم ریلیز کریں گے۔

زوہیب کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے نئے البم کے ذریعے اپنی مرحومہ بہن نازیہ حسن کو خراج تحسین پیش کیا ہے؛ اور امید ہے یہ شائقین کو ضرور پسند آئے گا۔ انہوں نے البم میں شامل گانوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ویسے تو سارے گانے ہی بہت اچھے ہیں لیکن ایک گانا ’’سنوسنو‘‘ موسیقی کے دلدادہ افراد کو سب سے زیادہ پسند آئے گا۔ زوہیب حسن نے اپنا نیا میوزک البم برطانوی میوزک ڈائریکٹر ڈی جے سوامی کے ساتھ مل کر بنایا ہے جبکہ یہ البم ای ایم آئی پاکستان کے تحت جاری کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔