فیس بک اور ایمازون نے اہم سنگ میل عبور کرلیا

ویب ڈیسک  جمعرات 27 جولائی 2017
فیس بک اور ایمازون سے پہلے صرف 3 کمپنیوں کے اثاثے 500 ارب ڈالر سے زائد تھے۔ فوٹو: فائل

فیس بک اور ایمازون سے پہلے صرف 3 کمپنیوں کے اثاثے 500 ارب ڈالر سے زائد تھے۔ فوٹو: فائل

 واشنگٹن: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک اور ای کامرس کمپنی ایمازون نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا۔

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ان دونوں امریکی کمپنیوں کی مارکیٹ ویلیو میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اب ان کے اثاثوں کی مالیت پہلی بار 500 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ یوں یہ دونوں کمپنیاں بھی 500 ارب ڈالر سے زائد اثاثے رکھنے والی کمپنیوں کے کلب میں شامل ہوگئی ہیں۔

فیس بک اور ایمازون سے قبل صرف تین کمپنیاں ایسی تھیں جنہیں 500 ارب ڈالر سے زائد اثاثے رکھنے کا اعزاز حاصل تھا ان میں 798 ارب ڈالر کے ساتھ پہلے نمبر پر ایپل، گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ 667 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور 571 ارب ڈالر کے ساتھ مائیکروسافٹ تیسرے نمبر پر تھی۔ فیس بک اور ایمازون نے پہلی بار 500 ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کیا ہے۔

دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جمعرات کو اس کے شیئرز کی قدر میں 10 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ یہ کمی ٹوئیٹر کے اس بیان کے بعد ریکارڈ کی گئی کہ اس کے صارفین کی تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے۔

ٹوئیٹر کا کہنا ہے کہ جون میں ختم ہونے والی سہہ ماہی تک ٹوئیٹر کے امریکی صارفین کی تعداد 7 کروڑ سے کم ہوکر 6 کروڑ 80 لاکھ ہو گئی ہے جبکہ دنیا بھر میں اس کے صارفین کی تعداد 32 کروڑ 80 لاکھ پر برقرار ہے اور اس میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ ٹوئیٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دوسری سہہ ماہی میں اسے 11 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔