کیا پاکستان میں عیدالاضحیٰ یکم ستمبر کو ہوگی؟ ایک فلکیاتی تجزیہ

ویب ڈیسک  منگل 22 اگست 2017
آج جب سورج غروب ہوگا تو چاند کی عمر صرف 19 گھنٹے ہوگی اور وہ بھی غروبِ آفتاب کے صرف 30 منٹ بعد غروب ہوجائے گا۔ (فوٹو: فائل)

آج جب سورج غروب ہوگا تو چاند کی عمر صرف 19 گھنٹے ہوگی اور وہ بھی غروبِ آفتاب کے صرف 30 منٹ بعد غروب ہوجائے گا۔ (فوٹو: فائل)

کراچی: ذی الحج 1438 ھجری کا چاند دیکھنے کےلیے رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج شام محکمہ موسمیات کے کراچی کیمپ آفس میں منعقد ہوگا جس کی صدارت کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمان کریں گے۔

خبروں کے مطابق محکمہ موسمیات نے اندازہ لگایا ہے کہ آج یعنی 22 اگست 2017 کے روز ذی الحج کا چاند نظر آنے کے امکانات زیادہ ہیں اور اس صورت میں عید الاضحیٰ یکم ستمبر 2017 بروز جمعہ ہوگی۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 22 اگست کی شام چاند واضح نظر آنے کا امکان ضرور ظاہر کیا گیا ہے، تاہم اس کا حتمی فیصلہ سپارکو، محکمہ موسمیات اور سب سے بڑھ کر رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کریں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام پاکستان کے نشیبی مقامات بالخصوص بلوچستان کے ساحلی علاقوں جیوانی، خضدار، تربت اور دالبندین میں چاند نظر آنے کے امکانات خاصے زیادہ ہیں۔

البتہ جب ان امکانات کا فلکیاتی معلومات کی روشنی میں جائزہ لیا جائے تو پتا چلتا ہے کہ ذی الحج کے چاند کی پیدائش 21 اور 22 اگست کی درمیانی رات، پاکستانی وقت کے مطابق 11 بج کر 30 منٹ پر ہوچکی ہے۔

یہ بھی بتاتے چلیں کہ آج پاکستان کے مختلف مقامات پر غروبِ آفتاب کا وقت شام 6 بجکر 35 منٹ سے 7 بجکر 10 منٹ کے درمیان ہوگا۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ پاکستان میں غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 19 گھنٹے سے لے کر 19 گھنٹے 30 منٹ کے درمیان ہوگی جبکہ افق سے اس کی اونچائی تقریباً 6 ڈگری ہوگی جو بتدریج کم ہوتی چلی جائے گی۔

علاوہ ازیں آج پاکستان کے بیشتر مقامات پر سورج اور چاند کے غروب ہونے کا درمیانی وقفہ 30 سے 35 منٹ کے درمیان ہوگا یعنی چاند آج شام 7 بج کر 9 منٹ سے لے کر 7 بج کر 40 منٹ کے درمیان غروب ہوگا (البتہ ہر علاقے میں غروبِ ماہتاب کا وقت دوسرے علاقے سے مختلف ہوگا)۔

رویتِ ہلال کی پیچیدگیوں پر باقاعدگی سے نظر رکھنے والی معتبر ویب سائٹ ’’مون سائٹنگ ڈاٹ کام‘‘ (moonsighting.com) کے مطابق نئے چاند کو صرف آنکھ سے دیکھنے کےلیے اس کی عمر 17 گھنٹے سے زیادہ ہونی چاہیے۔ اسی ویب سائٹ کے مطابق، بعض موسموں میں قابلِ بھروسہ رویتِ ہلال کےلیے چاند کی کم از کم عمر 24 گھنٹے ہونی چاہیے۔

ان تمام نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ 19 گھنٹے کا چاند اگرچہ قابلِ مشاہدہ ہوگا لیکن غروبِ آفتاب کے وقت وہ افق سے کچھ ہی بلند ہوگا جہاں سورج غروب ہونے کے بعد کی تیز روشنی موجود ہوگی جو بتدریج کم ہوتی چلی جائے گی۔ تاہم اسی عرصے میں چاند بھی افق سے قریب تر ہوتا جائے گا یہاں تک کہ صرف 30 سے 35 منٹ میں وہ بھی غروب ہوجائے گا۔

لہٰذا، اگرچہ آج شام ذی الحج کا چاند نظر آنے کے امکانات ضرور ہیں لیکن یہ اتنے کم ہیں کہ صرف مطلع بہت زیادہ صاف ہونے کی صورت ہی میں مصدقہ رویتِ ہلال ممکن ہوسکے گی۔ اس لیے ہوسکتا ہے کہ سابقہ اندازوں کے برعکس، عید الاضحیٰ یکم ستمبر 2017 کے بجائے 2 ستمبر (بروز ہفتہ) کو منائی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔