قومی ادارہ امراض قلب پہلی بار ٹانگوں کی انجیو پلاسٹی آئندہ ہفتے شروع ہوگی

طفیل احمد  منگل 26 فروری 2013
 فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

کراچی: قومی ادارہ امراض قلب میں پہلی بارٹانگوں کی انجیوپلاسٹی شروع کرنے کا فیصلہ ،ٹانگوں کی بند نسوں کوکھولنے کیلیے ویسکولرکلینک بھی قائم کردیاگیا۔

جہاں ذیابیطس کے مرض میں مبتلاایسے مریض جن کی ٹانگوں کی نسیں سوکھ گئی ہو،پاؤں سن اور ٹھنڈے ہوجانے اورچلنے پھرنے میں دشواریوں کاسامناکرنے والے مریضوں کی بند نسوں کو کھولنے کیلیے ٹانگوںکی بھی انجیو پلاسٹی آئندہ ہفتے سے شروع کی جائیگی،قومی ادارے امراض قلب کے سربراہ پروفیسرخاں شاہ زمان نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ اسپتال میں پہلی بار ویسکولر (بند نسوں، شریانوں)کوکھولنے کے لیے کلینک بھی قائم کردیاگیا ہے۔

انھوں نے بتایاکہ ٹانگوںکی بند نسوں (شریانوں) کو کھولنے کاکام دل کی بند شریانوں کو کھولنے کی طرز پر کیاجائے گا، اس میں وہی طریقہ کار استعمال کیاجائے گا جودل کی بندشریانوں کوکھولنے میں کیاجاتا ہے، خون کی روانی کو برقراررکھنے اوردل کوخون فراہم کرنیوالی بند شریانوں کوبیلون کے ذریعے کھول کر انجیوپلاسٹی کی جاتی ہے۔

جس میں متاثرہ مریض کی بند شریانوں کوکھول کرمخصوص اسٹینڈ ڈالاجاتا ہے بالکل اسی طرح ٹانگوں کوخون کی روانی برقرار رکھنے کیلیے بند یاسوکھ جانے والی شریانوں کوبیلون کے ذریعے کھولاجائے گااور ٹانگ میں انجیوپلاسٹی کے ذریعے اسٹینڈ ڈالاجائیگاجس سے متاثرہ ٹانگ یا سن ہوجانے والاحصہ یا پاؤں میں مطلوبہ خون کی روانی ہوسکے گی، انھوں نے بتایا کہ اس حوالے سے آج قومی ادارہ امراض قلب میں سیمینار بھی منعقد کیاجائیگا جس میں بقائی یونیورسٹی کے پروفیسرعبدالباسط، پروفیسر ایس ایم منیر،پروفیسر کمال یوسف اور قومی ادارہ کے ڈاکٹر طاہراس حوالے سے خطاب کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔