عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

ویب ڈیسک  جمعرات 12 اکتوبر 2017

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔

الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے سابق رہنما اکبر ایس بابر کی درخواست پر توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ میں سے سندھ اور پنجاب کے 2 ممبرز نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کی مخالفت کی تاہم 3 ممبرز نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے چئیرمین تحریک انصاف سے  درخواست پر جواب طلب کرلئے۔

الیکشن کمیشن نے حکم دیا ہے کہ عمران خان کو توہین عدالت کیس میں 26 اکتوبر کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے، عدالت نے کیس کی سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے ناقابل ضمانت  وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے کس الزام پر نااہل کیا جائے گا اور اگر حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے تو کرلے جب کہ مجھے نااہل کیا گیا تو سیاست چھوڑ دوں گا لیکن کرپٹ مافیا کو نہیں چھوڑوں گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی  کورٹ  نے گزشتہ روز عمران خان کی جانب سے الیکشن  کمیشن  میں جواب جمع نہ کرانے کے بعد  فیصلے کا اختیار الیکشن  کمیشن کو دے دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔