(ن) لیگ کوجب بھی حکومت ملی ملک کو کنگال بناکر چھوڑا، آصف زرداری

ویب ڈیسک  جمعرات 12 اکتوبر 2017
میاں صاحب کو نکالے جانے پر کوئی شک تھا تو وہ وزیراعظم ہاؤس سے کیوں نکلے، شریک چیرمین پی پی پی - فوٹو: پی پی آئی

میاں صاحب کو نکالے جانے پر کوئی شک تھا تو وہ وزیراعظم ہاؤس سے کیوں نکلے، شریک چیرمین پی پی پی - فوٹو: پی پی آئی

پشاور: پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ کوجب بھی حکومت ملی ملک کو کنگال بناکر چھوڑا جب کہ میاں صاحب کو نکالے جانے پر کوئی شک تھا تو وہ وزیراعظم ہاؤس سے کیوں نکلے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پچھلی بارحکومت کسی اور کی تھی ہم صرف شریک تھے لیکن اس بار ہم لحاذ نہیں کریں گے اور ترقیاتی کام کریں گے، جہاں جہاں ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے پیپلزپارٹی وہاں پہنچے گی جب کہ ہمیں جب حکومت ملی تو لوگوں سے روزگار چھیننے کے بجائے انہیں نوکریاں دیں لیکن (ن) لیگ کو جب بھی حکومت ملی انہوں نے ملک کو کنگال بناکر چھوڑا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کو آج تک پتہ نہیں چلا کہ انہیں نکالا کیوں گیا اور اگر انہیں کوئی شک تھا تو وزیراعظم ہاؤس سے کیوں نکلے جب کہ ہمارے دورمیں بھی وزیراعظم کو گھر بھیجا گیا تھا مگر اس وقت اقتدارکی منتقلی آرام سے ہوگئی تھی، ہم نے یوسف رضا گیلانی کو نہیں کہا سڑکوں پر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 4 سال میں نوازشریف نے کچھ نہیں کیا مگرضمنی انتخاب میں میاں صاحب کے حلقے میں مریم نوازگئیں تو راتوں رات کام ہوگئے۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین نے ملک میں معاشی ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معاشی لحاظ سے کمزور ہورہا ہے تو اس کا کوئی تو ذمہ دار ہے جب کہ وفاقی حکومت نے سندھ میں ایک میگا واٹ بجلی نہیں دی۔ انہوں نے کا کہ فاٹا کےمعاملے پرسب سے پہلے بینظیربھٹو سپریم کورٹ گئیں تھی اور انہوں نے کہا تھا فاٹا کو قومی دھارہے میں لایا جائے۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔