وزیراعظم نوازشریف نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے ترکی سے مدد مانگ لی

ویب ڈیسک  منگل 17 ستمبر 2013
ترکی پاکستان جیسے حالات سے گزرچکا ہے، اس کے تعاون سے پاکستان کے لیےآسانیاں پیداہوں گی، نوازشریف، فوٹو: فائل

ترکی پاکستان جیسے حالات سے گزرچکا ہے، اس کے تعاون سے پاکستان کے لیےآسانیاں پیداہوں گی، نوازشریف، فوٹو: فائل

انقرہ: وزیر اعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان ترکی سے معاشی تعلقات مضبوط بناناچاہتا ہے، ترکی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھی ہماری مدد کرے۔

تین روزہ سرکاری دورہ پرترکی میں موجود وزیراعظم نواز شریف اور ترک صدرعبداللہ گل کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ سمیت دیگر اہم معاملات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ پاکستان ترکی سے معاشی تعلقات مضبوط بنانا چاہتاہے، ترکی پاکستان میں جاری دہشت گردی کے خاتمے کےلئے ہماری مدد کرے۔ انہوں نے کہاکہ ترکی پاکستان جیسے حالات سے گزرچکا ہے، اس کے تعاون سے پاکستان کے لیےآسانیاں پیداہوں گی۔

دورہ ترکی کے دوران ترک صدر عبداللہ گل کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کو ترکی کے سب سے بڑے اعزاز تمغہ جموریت سے بھی نوازا گیا، تمغہ جمہوریت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ تمغہ جمہوریت دینے پرترک صدرعبداللہ گل کا شکرگزار ہوں، تمغہ جمہوریت سے نوازا جانا یقینا میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ نواز شریف نے کہاکہ ترک صدر اور وزیراعظم کو اپنا بھائی سمجھتا ہوں، ترکی کے لیے پاکستانی عوام کے دلوں میں خصوصی محبت ہے، مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف سے ترک وزیرداخلہ معمرگلیرنے بھی ملاقات کی، جس میں ترک وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ ترکی سائبرکرائم اور دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی مدد کرسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔